سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے 16 اکتوبر کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے، جس کے تحت اولڈ ایئرپورٹ روڈ صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) بینش فاطمہ کے مطابق بھاری گاڑیوں کا راولپنڈی میں داخلہ مکمل طور پر ممنوع ہو گا، جبکہ اولڈ ایئرپورٹ سے منسلک پانچ سڑکوں پر ڈائیورشن لگائی جائے گی۔ متبادل راستے فراہم کر دیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوجی ٹاور، چوہان چوک، عمار چوک اور گلزار قائد کے مقامات پر بھی ڈائیورشن ہو گی، جبکہ کورال چوک مکمل طور پر بند رہے گا۔ مری روڈ سے اسلام آباد جانے والے راستے کو فیض آباد کے ذریعے بند کیا جائے گا۔تاہم، چاندنی چوک سے سید پور روڈ براستہ نائنتھ ایونیو اسلام آباد جانے کا راستہ کھلا رہے گا۔ بینش فاطمہ نے خبردار کیا کہ چاندنی چوک سے ڈبل روڈ تک رسائی بعض اوقات عارضی طور پر بند کی جا سکتی ہے۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس دوران متبادل راستوں کا استعمال کریں اور کسی بھی زحمت سے بچنے کے لیے ٹریفک حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔

- Home
- پاکستان
- اسلام آباد
- 16 اکتوبر کے لیے ٹریفک پلان جاری: اولڈ ایئرپورٹ روڈ سمیت متعدد سڑکیں بند







