پاکستان کی پہلی اردو فلم تیری یاد کے ہیرو ناصر خان کی 46 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

0
99

پاکستان کی پہلی اردو فلم تیری یاد کے ہیرو ناصر خان کی 46ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔ انہوں نے 3مئی 1974کو بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں وفات پائی۔بھارتی فلمی دنیا کے بے تاج بادشاہ اداکاریوسف خان المعروف دلیپ کمارکے چھوٹے بھائی ناصرخان 11جنوری 1924کو پشاور میں پیدا ہوئے۔انہوں نے اپنی فنی زندگی کا آغاز 1945میں ریلیز ہونے والی فلم مزدور سے کیا لیکن ان کی یہ فلم ناکام ہو گئی۔1947میں انہوں نے فلم شہنائی میں کام کیا۔ یہ فلم موسیقار سی رام چندر کی موسیقی کی وجہ سے کامیاب ہوئی لیکن عوام نے ناصر خان کی اداکاری کو پسند نہیں کیا۔ قیام پاکستان کے بعد ناصر خان اپنے خاندان کی مخالفت کے باوجود لاہور آگئے اور ہدایت کار داؤد چاند کی ڈائریکشن میں بننے والی پاکستان کی پہلی فلم تیری یاد میں اداکارہ آشا پوسلے کے مد مقابل ہیرو کا کردار کیا۔ فلم کے دیگر اداکاروں میں سردار محمد، غلام محمد اور راگنی شامل تھے جب کہ موسیقی عنایت علی نااتھ نے دی۔یہ فلم 7اگست 1948کو ریلیز ہوئی تاہم یہ فلم بھی باکس آفس پرکامیاب نہیں ہوسکی۔ اس کے بعد19مارچ 1949 کو ریلیز ہونے والی ہدایت کار لقمان اور انور کمال کی فلم شاہدہ میں ناصر خان نے ایک بار پھر اداکاری کی لیکن اس فلم کو بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ فلم کی موسیقی ماسٹر غلام حیدر اور جی اے چشتی نے دی تھی۔فلم کی ناکامی کے بعد ناصر خان1951میں بمبئی واپس چلے گئے۔اس دوران بمبئی میں ان کے بھائی دلیپ کمار کی فلم میلہ باکس آفس پر کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کر چکی تھی اور ناصر خان کی سوچ تھی کہ دلیپ کمار اپنے بھائی کی مدد کریں گے۔ 1951میں انہوں نے اداکارہ نوتن کے ساتھ فلم نگینہ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ فلم کامیاب ہو گئی اور یوں ناصر خاں کو فلمی دنیا میں نئی زندگی مل گئی۔فلم کے ایک سین میں ناصر خان نوتن کو اٹھائے ہوئے تھے۔ جس کی وجہ سے بھارتی سنسر بورڈ نے فلم کو بالغوں کے لئے سرٹیفکیٹ جاری کر دیا۔ اس سرٹیفکیٹ کے جاری ہونے کے بعد فلم کو دیکھنے کے لئے 18سال سے کم عمر کی خواتین سنیما نہیں جا سکتی تھیں۔ نوتن جب اپنی فلم کا پہلا شو دیکھنے گئیں تو ان کی عمر اس وقت 16سال تھی جس کی وجہ سے انہیں سنیما کے گیٹ کیپر نے روک دیا جس کے بعد انہیں اپنی فلم دیکھنے کے لئے برقع پہننا پڑا۔ناصر خان نے بھارت میں فلم خزانہ، نخرے، نازنین، پھولوں کے ہار، لال کنور، دائرہ، انگارے، آغوش، شیشم اور سوداگر میں اداکاری کی لیکن ان کے بھائی دلیپ کمار نے ان کی کسی بھی طرح سے مدد نہیں کی۔ناصر خان نے بھارت کی خوبرو اداکارہ بیگم پارا سے شادی کی۔ ان کے ساتھ ناصر خان نے تین فلموں میں کام کیا۔ ان کی آخری کامیاب ہونے والی فلم 1961میں ریلیز ہونے والی فلم گنگا جمنا تھی جس میں انہوں نے دلیپ کمار کے ہمراہ جمنا کا کردار ادا کیااور یہ فلم ان کے کیریر کی سب سے کامیاب فلم تھی۔ناصر خان کی بطور اداکار آخری فلم 1976میں بننے والی فلم بیراگ تھی جس میں انہوں نے مختصر کردار اداکیا۔ناصر خان 3مئی 1974کو نئی دہلی میں چل بسے۔ان کا بیٹا ایوب خان بھارتی فلمی صنعت میں اداکاری کر رہا ہے۔

Leave a reply