لاہور: باٹا پور کے علاقے میں فائرنگ کے نتیجے میں 2 سوتیلے بھائیوں کی ہلاکت کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور محمد نوید نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور وقوعہ سے حاصل ہونے والے شواہد کا معائنہ کیا۔

ایس ایس پی محمد نوید نے ایس پی کینٹ کو واقعہ کی فوری انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ تفتیش کے مطابق، ہلاک ہونے والے سوتیلے بھائیوں میں سیف اسلم اور ارسلان شامل ہیں، جبکہ ایک اور شخص مرسلین شدید زخمی ہے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے ابتدائی تفتیش کے حوالے سے بتایا کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان جائیداد کے تنازعہ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے تمام ضروری شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، اور واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ ایس ایس پی محمد نوید نے یقین دلایا کہ اس ڈبل مرڈر کے واقعہ میں ملوث دیگر ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کیس کی تفتیش میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کا کہنا تھا کہ واقعہ کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی تفتیش کو جلد مکمل کر لیا جائے گا اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Shares: