سوات کے بعد بلوچستان کے ضلع ژوب میں ایک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں پکنک منانے کے لیے آنے والی فیملی کی دو گاڑیاں سیلابی ریلے کی زد میں آ کر بہہ گئیں، جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت چار خواتین جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق جنوبی پنجاب کے شہر ملتان سے بتایا جا رہا ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ ژوب کے تفریحی مقام سلیازہ ندی کے قریب پیش آیا، جہاں پکنک کی غرض سے آنے والی فیملی دو گاڑیوں، فیلڈر اور آلٹو میں سوار تھی۔ مقامی ذرائع کے مطابق دونوں گاڑیاں برساتی نالے میں طغیانی کے باعث آنے والے اچانک سیلابی ریلے میں پھنس گئیں۔ضلعی حکام نے بتایا کہ حادثہ کلی تکئی کے مقام پر پیش آیا، فیلڈر گاڑی میں سوار دو افراد کو زندہ بچا لیا گیا، جبکہ آلٹو گاڑی میں سوار تین افراد میں سے صرف ایک خاتون کو مقامی افراد نے بروقت نکال کر سول ہسپتال ژوب منتقل کیا۔ تاہم، گاڑی میں موجود دو بچے سیلابی پانی میں بہہ گئے۔چار خواتین بھی جاں بحق ہو گئیں (دو کی شناخت ہو چکی، دو کی لاشوں کی تلاش جاری ہے،دو بچے (بہہ گئے، تلاش جاری ہے)
ژوب کے نواحی علاقے سلیازہ اور کپیپ میں حالیہ شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آئی۔مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت کئی افراد کو ریلے سے نکالا۔ایک خاتون کی لاش کو شناخت کے بعد لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ اور محکمہ موسمیات کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بارشوں اور طغیانی کے دوران ندی نالوں کی طرف جانے سے گریز کریں۔ خطرناک علاقوں میں سفر یا تفریح سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔