باغی ٹی وی :پیرمحل(وقاص شریف نامہ نگار) سندیلیانوالی کے نواحی چکوک میں زیادتی کے 2 واقعات،مقدمات درج ۔
تفصیلات کے مطابق پہلے واقعہ میں چک نمبر 721 گ ب میں سائرہ بی بی کو اُس کے خاوند نے گھریلو ناچاکی کی بنا پر تشدد کا نشانہ بنا کر گھر سے باہر نکال دیا ۔ جس پر ملزمان فیصل ولد اسحاق اور اللہ لبھایا نے سائرہ بی بی کو تسلی دی اور پیش کش کی کہ وہ اُسے اُس کے والدین کے گھر چھوڑنے کو تیار ہیں جس پر سائرہ بی بی جو کہ شدید ذہنی تنائو کا شکار تھی اور اُس کے پاس اس سے بہتر کوئی آپشن بھی نہ تھا ان کے ساتھ چلنے کو تیار ہو گئی مگر جب یہ موٹر سائیکل سوار چک نمبر 745 گ ب کے قریب پہنچے تو ملزمان کی نیت بدل گئی اور وہ خاتون کو قبرستان کے قریب فصل کماد میں لے گئے اور ملزم فیصل نے اُسے زنا بالجبر کا نشانہ بنا ڈالا جبکہ دوسرا ساتھی باہر پہرا دیتا رہا ۔ لڑکی کے شور مچانے پر گاؤں کے لوگ اکٹھے ہونے لگے تو ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے ۔۔ دوسرے وقوعہ میں چک نمبر 765 گ ب میں محسن ولد مظہر نے اپنے ایک نامعلوم ساتھی کے ساتھ مل کر گھر میں موجود اکیلی لڑکی دیکھ کر اُسے گن پوائنٹ پر دبوچ لیا اور زنا بالجبر کا نشانہ بنانے لگے مگر علیشا دختر محمد عارف نے مزاحمت کی جس کی وجہ سے ملزمان نے لڑکی پر خوب تشدد کیا جس سے وہ بُری طرح سے زخمی ہو گئی ۔ لڑکی کی شدید مزاحمت اور چیخ و پکار سن کر اہل محلہ اُسے بچانے کے لئے نکلے ہی تھے کہ ملزمان نے راہ فرار اختیار کر لی ۔ پہلے واقعہ میں سائرہ بی بی کے والد مبشر اقبال اور دوسرے واقعہ میں علیشا بی بی کے والد محمد عارف کی تحریری درخواستوں پر تھانہ اروتی نے دو الگ الگ مقدمات درج کر لئے ہیں

Shares: