کوئٹہ : ملک میں گندم کی ریکارڈ پیدوار کے باوجود ،20 کلو آٹے کا تھیلا 3 ہزار روپے تک پہنچ گیا

کوئٹہ (نامہ نگار زبیرآخیل) ملک میں گندم کی ریکارڈ پیدوار کے باوجود کوئٹہ میں بیس کلو آٹے کی قیمت تین ہزار روپے تک پہنچ گئی ،پنجاب ،سندھ اور بلوچستان کے زرعی علاقوں سے گندم کی نقل وحمل پر پابندی کے خلاف فلورملز مالکان نے گندم کی بین الصوبائی پابندی کے خلاف ملک گیر ہڑتال پر غور شروع کردیا ہے ۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق بلوچستان میں آٹے کی فی کلوقیمت ڈیڈھ سو روپے کلو تک پہنچ گئی، بیس کلو آٹے کا تھیلا عام مارکیٹ میں تین ہزار روپے کا مل رہا ہے اس سلسلے میں فلور ملز مالکان کا کہنا ہےکہ پنجاب ،سندھ اور بلوچستان کے زرعی علاقوں سے گندم کی نقل وحمل پر پابندی عائد ہے گندم نہ ملنے کی وجہ سے آٹے کی قلت ہے جس کی وجہ سے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ،فلور ملز مالکان نے گندم کی بین الصوبائی پابندی کے خلاف ملک گیر ہڑتال پر غور شروع کردیا ہے ۔دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل خوراک ظفر اللہ نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے نصیر آباد ڈویژن کےعلاوہ صوبے بھر سے گندم اور آٹے کی نقل و حمل پر عائد پابندی ختم کردی ہے جس سے صورت حال بہتر ہوجائے گی ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ خوراک نے روان سال کیلئے دس لاکھ بوری گندم میں سے تین لاکھ بوری خرید لی ہیں پنجاب سے بلوچستان کو دولاکھ بوری گندم جلد مل جائے گی۔

Leave a reply