23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں یوم امن منانے کا اعلان کیا جائے.خط میں تجویز

پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو قیام امن کے لئے 23 مارچ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں کل جماعتی کانفرنس طلب کرنے کے لئے خط لکھ دیا ،خط میں تجویز دی گئی کہ یوم پاکستان کے موقع پر 23 مارچ کو ملک بھر میں یوم امن منانے کا اعلان کیا جائے.

خالد مسعود سندھو نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ "یہ ایک افسوسناک حقیقت ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات ایک بار پھر تیزی سے بڑھ رہے ہیں، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کی کاروائیوں میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔پاکستان کی سیکورٹی فورسز، عام شہری اس جنگ میں قربانیاں دے رہے ہیں. ملک دشمن قوتیں پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

خالد مسعود سندھو کا صدر مملکت کو لکھے گئے خط میں مزید کہنا تھا کہ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دیں، اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید بھی اسی راہ میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کر چکی ہیں۔ اب وقت آ چکا ہے کہ اس بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے سدباب کے لیے تمام سیاسی، مذہبی اور قومی قیادت کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا جائے تاکہ ایک مضبوط اور مربوط حکمتِ عملی ترتیب دی جا سکے۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ23 مارچ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں کل جماعتی کانفرنس بلائی جائے، جس میں محب وطن جماعتوں کو مدعو کیا جائے۔خط میں تجویز دی گئی کہ 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں یوم امن منانے کا اعلان کیا جائے.

صدر مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو کا صدر مملکت آصف علی زرداری کو لکھے گئے خط میں مزید کہنا تھا کہ آپ بحیثیت سربراہِ مملکت اس نازک صورتحال میں ایک کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ نظریہ پاکستان پر قوم متحد ہوئی تھی اب اسی ماہ میں دہشت گردی کے خلاف قوم کو ایک بار متحد کریں.پاکستان میں قیام امن کے لئے نیشنل ایکشن پلان کی طرز پر ایک جامع اور سخت گیر آپریشن کی اشد ضرورت ہے تاکہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل صفایا کیا جا سکے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے بغیر پاکستان میں امن و استحکام ممکن نہیں، اور جب تک ملک میں امن نہیں ہوگا، ترقی اور خوشحالی کا خواب بھی ادھورا رہے گا۔ پاکستان کے عوام ایک مستحکم اور پرامن ملک کے خواہشمند ہیں، اور یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ اس اہم مسئلے پر تمام قیادت کو متحد کریں اور عملی اقدامات کی راہ ہموار کریں۔ ہمیں امید ہے کہ آپ اس قومی مسئلے پر فوری توجہ دیں گے اور ملک میں دیرپا امن قائم کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے

Shares: