امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے بھارت سے درآمد کی جانے والی مصنوعات پر 25 فیصد اضافی ٹیرف لگانےکیلئے امریکی محکمۂ ہوم لینڈ سکیورٹی نے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔ نیا ٹیرف 27 اگست 2025 بروز بدھ 12:01 بجے سے نافذ ہو جائے گا۔ اس معاملے پر امریکہ نے کہا کہ یہ ٹیرف بھارت کی جانب سے روس سے تیل خریدنے کی وجہ سے لگایا جا رہا ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ نے کہا کہ بھارت روس سے تیل خرید کر یوکرین اور روس کے درمیان جاری جنگ میں ماسکو کو مسلسل فنڈز فراہم کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ 30 جولائی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر 25 فیصد اضافی ٹیرف لگانے کا اعلان کیا تھا جسے اب بڑھا کر 50 فیصد کر دیا گیا ہے۔
امریکہ نے سیمی کنڈکٹرز، دواسازی اور توانائی کے وسائل سمیت کچھ شعبوں کو نئے ٹیرف میں شامل نہیں کیا جب کہ اس نئے ٹیرف کے نفاذ سے خاص طور پر ٹیکسٹائل، جواہرات اور زیورات، چمڑے، کیمیکلز اور آٹو پارٹس جیسے شعبے متاثر ہوں گے۔








