دوسرا ون ڈے: پاکستان نے نیدرلینڈز کو 7وکٹوں سے ہرادیا، سیریز میں فیصلہ کن برتری

0
50

روٹریم :پاکستان نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں نیدرلینڈز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی، بابر اعظم، محمد رضوان اور آغا سلمان نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ گرین شرٹس کو سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی۔

روٹرڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پوری میزبان ٹیم 44.1 اوورز میں 186 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، باس ڈی لیڈ 89 اور ٹام کوپر 66 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، نیدرلینڈز کے 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہوسکے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور محمد نواز نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کو 187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ابتداء میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، فخر زمان 3 اور امام الحق 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس موقع پر بابر اعظم اور محمد رضوان نے ٹیم کو سنبھالا، دونوں کے درمیان 88 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

کپتان بابر اعظم 57 رنز بنا کر آریان دت کی گیند پر ڈی لیڈ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، محمد رضوان 69 اور آغا سلمان 50 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

میزبان ٹیم کی جانب سے ویویان کنگما نے 2 اور آریان دت نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان نے ہدف 33.4 گیندوں پر 3 وکٹوں کے نقصان پر مکمل کرلیا، گرین شرٹس کو 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہوگئی، سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 21 اگست کو اسی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

Leave a reply