لاہور(خالدمحمودخالد) فرانسیسی فضائیہ کے سربراہ جنرل جیروم بیلینگر نے کہا کہ ان کے پاس حالیہ پاک بھارت جنگ کے بعد ایک فرانسیسی رافیل کے سمیت تین بھارتی طیاروں کے نقصان کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ دی ایسوسی ایٹڈ پریس کی ایک رپورٹ کے مطابق فرانس کی طرف سے یہ پہلی انتہائی اعلیٰ سطحی تصدیق کی گئی ہے جس کے مطابق فرانس کو بھارت کا ایک میراج 2000، ایک روسی ساختہ سخوئی اور ایک فرانسیسی ساختہ رافیل تباہ ہونے کی مصدقہ اطلاعات ملی ہیں۔
جنرل جیروم بیلینگر نے مزید کہا کہ فرانس نے رافیل فائٹر طیارے آٹھ ممالک کو فروخت کئے ہیں جب کہ بھارت کا رافیل طیارہ جنگ میں تباہ ہونے کا اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس سے قبل ایک اعلیٰ سطحی فرانسیسی انٹیلی جنس اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر سی این این کو بتایا تھاکہ پاکستان نے بھارتی ائیر فورس کا کم از کم ایک رافیل طیارہ مار گرایا ہے۔