ڈیرہ غازی خان، راجن پور (باغی ٹی وی) ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازیخان کیپٹن (ر)سجاد حسن خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راجن پورمحمد ناصر سیال مسلسل کچہ کے آپریشنل ایریا میں فرنٹ لائن پر پولیس کے جوانوں کے ہمراہ موجود ہیں اور آپریشن کی مکمل کمانڈ کر رہے ہیں۔راجن پور پولیس کو کچہ میں نہایت اہم کامیابی حاصل ہوئی ۔ آرہی او اور ڈی ہی او کی ذیر کمانڈ جدید ہتھیاروں اور بکتر بند گاڑیو ں سے لیس پولیس دستوں نے کچہ کے نوگو ایریا سمجھے جانے والے علاقے چک عمرانی میں پیش قدمی کی ۔
چک عمرانی میں خوف کی علامت سمجھے جانے والے خطرناک مجرم اشتہاری اور گینگ کےسرغنہ 20 لاکھ ہیڈ منی کے مجرم اشتہاری عطاء اللہ پٹ کے خلاف پولیس کی جانب سے کامیاب کاروائی عمل میں لائی گئی۔عطاء اللہ پٹ پولیس کوقتل ،اقدام قتل ، ڈکیتی ، راہزنی ، اسلحہ سمگلنگ ، اغواء برائے تاوان اور دہشتگردی سمیت دیگر مقدمات میں انتہائی مطلوب تھا۔اسکے بھائی اور بیٹے سمیت تمام قریبی رشتہ داران ہیڈ منی کے مجرمان ہیں جو کہ کچہ میں اغواء برائے تاوان ، ڈکیتی ،راہزنی ، اسلحہ سمگلنگ کے روح رواں تھے ۔ عطاء اللہ پٹ اور اسکے ساتھیوں نے پولیس کی پیش قدمی کی شدیدترین مزاحمت کی اور پولیس پر راکٹ لانچر اور ہیوی ویپن 12.7 مشین گن سے حملے کیے ۔ پیش قدمی کے دوران راکٹ لگنے سے پولیس کی بکتر بند گاڑی کوبھی جزوی نقصان پہنچا ، اسی دوران گورا عمرانی ، دادو بنگیانی ، فرحت کھرکھانی اور ظہور سیدانی اپنے دیگر گینگ ممبران کے ہمراہ عطاء اللہ پٹ کی مدد کو پہنچ گئے، عطاء اللہ پٹ نے اپنی کمین گاہ کے گردونواح میں خندقیں اور مضبوط مورچے بنا رکھے تھے۔ پولیس کے جوانوں نے ہمت دلیری اور جوانمردی سےجوابی کاروائی کی۔ فائرنگ کے شدید تبادلہ اور بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ پیش قدمی پر عطاء اللہ پٹ اور اسکے ساتھیوں کے قدم اکھڑ گئے ،پولیس کے جوان خندقوں کو کراس کر کے دہشت گردوں کی کمین گاہوں میں داخل ہوگئے ۔ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گر د مارے گئے جب کہ ایک پولیس اہلکار غلام قاسم نے جام شہادت نوش کیا اور ایک پولیس اہلکا ر عبدالوہاب شدید زخمی ہوا ۔ 5 ڈاکووں نے سرنڈر کرکے خود کو پولیس کے حوالے کردیا ۔عطاء اللہ پٹ کے پناہ گاہوں اور کمین گاہو ں کو مسمار کرکےنذرآتش کردیا گیا ۔ ڈاکووں کی کمین گاہوں سے بڑی مقدار میں ہیوی اسلحہ12.7مشین گن ، راکٹ لانچرز ،اورجی تھری گن اور ایس ایم جی گنز برآمد ہوئیں۔

کچہ عمرانی میں پولیس دستوں نے پیش قدمی کرتے ہوئے قتل ،اقدام قتل ، ڈکیتی ، راہزنی ، اسلحہ سمگلنگ ، اغواء برائے تاوان اور دہشتگردی سمیت دیگر مقدمات میں راجن پور پولیس اور دیگر اضلاع کو مطلوب 20 لاکھ ہیڈ منی کے مجرم اشتہاری موج علی کی گینگ کی کمین گاہو ں کا محا صرہ کیا ، شدید مزاحمت کے بعدملک دشمن عناصر کی کمین گاہوں کو تباہ کر دیا گیا ۔ کمین گاہوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ ایمو نیشن، راکٹ لانچر، ایس ایم جی اور جی تھری بر آمد ہوئیں۔

پولیس دستوں نے کچہ عمرانی میں مزید پیش قدمی کر تے ہوئے اغوا ء برائے تاوان، قتل ،اقدام قتل ، ڈکیتی ، راہزنی ، اسلحہ سمگلنگ سمیت دیگر سنگین مقدمات میں راجن پور پولیس اور دیگر اضلاع کو مطلوب 8 لاکھ ہیڈمنی کے مجرم اشتہاری فوج علی کے گینگ کی کمین گاہو ں کا محا صرہ کیا ۔شدید مزاحمت اور فائرنگ کے تبادلہ کے بعدڈاکوؤں کی کمین گاہوں کا کنٹرول سنبھال کر کمین گاہوں کو مکمل تباہ کر دیا گیا۔کمین گاہوں سے جی تھری گنز ، ایس ایم جی اور دیگر بھاری اسلحہ برآمد ہوا ۔

بد نام زمانہ ہیڈ منی کے مجرمان اشتہاری عطاء اللہ پٹ، فوج علی اور موج علی کی گینگز کی کمین گاہوں کے خاتمے سےکچہ میں اغواء برائے تاوان اور ڈکیتی کے ایک منظم نیٹ ورک کو توڑ دیا گیا ہے۔ پولیس نے نوگو ایریا سمجھے جانے والے کچہ عمرانی کے اہم ترین علاقو ں کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے اور مزید علاقوں میں پیش قدمی جاری ہے ۔ عطاء اللہ پٹ کی پناہ گاہ سمیت 3 دیگر مقاما ت پر پولیس پکٹس قائم کرکے ریا ست اور قانون کی رٹ قائم کردی گئی ہے۔ آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد ناصر اسماعیل فورس کے ہمراہ موجود رہ کر جوانوں کی مکمل حوصلہ افزائی اور تمام تر آپریشن کی مکمل کمانڈ کر رہے ہیں

Shares: