رحیم یارخان،بہاولپور(باغی ٹی وی)غربت کے زخم، عید کے کپڑے نہ ملے، بھوک سے جان گئی، دو شہروں کی دو دردناک داستانیں

رحیم یار خان اور بہاولپور میں غربت اور بھوک نے دو الگ خاندانوں کو نگل لیا، جہاں ایک جانب عید کے کپڑے مانگنے پر مجبور باپ نے تین بچوں سمیت زہریلی گولیاں کھا لیں، وہیں دوسری طرف کئی روز کی فاقہ کشی نے ایک بزرگ خاتون کی جان لے لی۔

رحیم یار خان کی تحصیل رکن پور کے علاقے سردار گڑھ بستی حاجی پیر میں یہ دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک محنت کش باپ نے دو معذور بیٹوں اور ایک بیٹی کو زہریلی گولیاں کھلائیں اور خود بھی زندگی ختم کرلی۔ ترجمان شیخ زید اسپتال کے مطابق دو بیٹے اور باپ موقع پر ہی دم توڑ گئے، جب کہ بیٹی کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ پولیس کے مطابق باپ ٹریکٹر ٹرالی چلا کر روزی کماتا تھا لیکن کئی دنوں سے بے روزگار اور شدید پریشان تھا۔ اہل علاقہ کے مطابق عید قریب آتے ہی بچوں نے جب کپڑوں کا مطالبہ کیا تو غربت کے ہاتھوں مجبور باپ نے یہ انتہائی قدم اٹھا لیا۔

ادھر بہاولپور کے علاقے لوہار والی گلی میں بھوک کی شکار دو بزرگ بہنیں بے ہوشی کی حالت میں پائی گئیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچے تو ایک خاتون دم توڑ چکی تھیں جبکہ دوسری کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ بچ جانے والی بہن نے بتایا کہ وہ دونوں کئی دنوں سے فاقہ کشی کا شکار تھیں۔ اہل محلہ کے مطابق دونوں بہنیں غیر شادی شدہ تھیں، گھر میں تنہا رہتی تھیں اور ان کا اکلوتا بھائی بھی کئی سالوں سے لاپتا ہے۔

دونوں واقعات نے یہ سنگین سوال اٹھا دیا ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری اور معاشرتی بے حسی کے اس دور میں ہمارا فلاحی نظام کہاں کھڑا ہے؟ عید کے کپڑوں کی خواہش یا روٹی کی طلب کیا واقعی موت کی قیمت پر پوری ہونی چاہیے؟

Shares: