ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی) ضلع مظفرگڑھ علاقہ تھانہ سٹی میں تین بچیوں کے قتل کا واقعہ،ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کا واقعہ کا سخت نوٹس واقعہ کی رپورٹ طلب ،ڈی پی او مظفرگڑھ کو فوری جائے وقوعہ پر پہنچنے کا حکم۔ ظلم و زیادتی کرنے والے کسی رعائیت کے مستحق نہیں جنہیں قرار واقعی سزا دلوانے اور مظلوم کو انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے.
تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے ضلع مظفرگڑھ علاقہ تھانہ سٹی میں تین کم سن بہنوں کے قتل کے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ۔ آر پی او نے ڈی پی او مظفر گڑھ کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے ،تفتیش کی مکمل نگرانی کرنے اور لواحقین سے قریبی رابطہ رکھنے کے احکامات جاری کیے۔
آر پی او نے مجرمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایات جاری کیں۔ آر پی او کا کہنا تھا وقوعہ میں ملوث مجرمان کسی رعایت کے مستحق نہیں جنہیں بہت جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوانے اور مظلوم کو انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ واقعہ میں تین کم سن بہنیں اریشہ بعمر 11سال ، زہرہ بعمر 8سال، ابیہ فاطمہ بعمر 7 سال کو تھرمل کالونی مظفر گڑھ میں قتل کر دیا گیا ۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس نے فوری موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کا بتانا ہےکہ تینوں لڑکیوں کی لاشیں محلے کے ایک خالی پلاٹ سے ملی ہیں، بتایا گیا ہے کہ یہ تینوں بہنیں گزشتہ رات لاپتا ہوئی تھیں۔ فرانزک ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی ہیں اور اس حوالے سے اہل محلہ سے بھی تفیش کی جارہی ہے۔پولیس کاکہنا ہےکہ ابتدائی شواہد کے مطابق تینوں بہنوں کو تیز دھارآلے سےگلا کاٹ کر قتل کیاگیا ہے۔