پشاور:نواحی علاقے داودزئی میں بھائی نے ساتھیوں کی مدد سے فائرنگ کرکے دو بہنوں سمیت 3 خواتین کو قتل کردیا۔پولیس کے مطابق بھائی نے دوستوں کے ساتھ مل کر تینوں خواتین پر فائرنگ کی، ملزم نے غیرت کے نام پر بہنوں کو قتل کیا۔
ابتدائی تفصیلات کے مطابق باپ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مدعی یاسین نے رپورٹ درج کرائی کہ اس کے بیٹے امجد نے اپنے دیگر ساتھیوں فرہاد، گل شیر، سید رحمان اور کامران کے ہمراہ اراضیات بابوزئی میں اپنی بہنوں اور ان کی سہیلی کو فائرنگ کر کے قتل کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وجہ عناد غیرت کے نام کا بتایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ دونوں لڑکیوں کا ایک لڑکے کے ساتھ دوستانہ تعلقات تھے۔
پولیس نے قتل ہونے والی دو لڑکیوں کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے فرار ملزمان کی تلاش اور واقعے کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ایف آئی آر میں دو بہنوں کا بھائی اور اس کے 3 دوستوں کو نامزد کیا گیا ہے، ابتدائی تفتیش میں قتل کی وجہ غیرت ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ پولیس نے وقوعہ سے سے خالی خول اور دیگر اہم شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لیے اسپتال منتقل کردی ہیں