ممبئی، مالونی پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایک افسوسناک اور انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک 30 سالہ خاتون اور اس کے 19 سالہ عاشق کو اپنی ڈھائی سالہ بیٹی کے ساتھ زیادتی اور قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ واقعہ پیر کے روز منظر عام پر آیا جب پولیس نے معاملے کی تصدیق کی۔
پولیس کے مطابق، اتوار کی رات مذکورہ بچی کو شدید زخمی حالت میں ایک سرکاری اسپتال لایا گیا، جہاں اس کے جسم، خصوصاً نجی اعضا پر تشدد کے نشانات دیکھے گئے۔ ڈاکٹروں کو شک ہوا کہ بچی کے ساتھ جنسی زیادتی ہوئی ہے، جس پر انہوں نے فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا۔ بدقسمتی سے بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔مالونی پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار کے مطابق، بچی کی ماں نے ابتدائی طور پر ڈاکٹروں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ اس کی بیٹی مرگی کی مریضہ تھی اور اسی کے باعث اس کی طبیعت خراب ہوئی۔ تاہم، میڈیکل رپورٹ سے ثابت ہو گیا کہ بچی کے ساتھ زیادتی کی گئی تھی اور اسے شدید جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
میڈیکل رپورٹ اور تفتیش کی بنیاد پر پولیس نے ماں اور اس کے 19 سالہ عاشق کو گرفتار کر لیا۔ دونوں کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا اور بچوں کے جنسی جرائم سے تحفظ کے قانون کے تحت ریپ، قتل اور دیگر سنگین جرائم کی دفعات میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق، مذکورہ خاتون طلاق یافتہ تھی اور اپنی ڈھائی سالہ بیٹی کے ساتھ اپنی والدہ کے گھر رہ رہی تھی۔ بعد ازاں اس نے 19 سالہ نوجوان سے تعلقات قائم کیے، جو اس بچی کے ساتھ جنسی زیادتی میں ملوث پایا گیا۔