راولپنڈی کے علاقے ڈھوک بنارس میں نسوار چوری کا ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا ہے جہاں صرف 300 روپے مالیت کی نسوار چوری ہونے پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔
متاثرہ شہری نے پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے اطلاع دی کہ اس کی 10 پُڑیاں نسوار، جن کی مالیت تقریباً 300 روپے ہے، چوری ہو گئی ہیں۔ یہ واقعہ تھانہ ریس کورس کی حدود میں پیش آیا۔متاثرہ شہری کی کال پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس موقع پر پہنچی اور ابتدائی تفتیش کے بعد اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس نے چوری کے اس انوکھے کیس کی تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی زیر بحث ہے، جہاں شہری اس اقدام کو قانون کی عملداری کی ایک مثال قرار دے رہے ہیں، جبکہ کچھ صارفین نے اسے پولیس وسائل کے غیر ضروری استعمال سے بھی تعبیر کیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چاہے نقصان کم ہو یا زیادہ، شہریوں کی شکایات پر کارروائی کرنا ان کی ذمہ داری ہے، اور کسی بھی قسم کی چوری کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔








