ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان) بارڈر ملٹری پولیس ڈیرہ غازی خان نے قبائلی علاقے کھر میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان سے پنجاب منشیات سمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ پولیس نے کارروائی کے دوران ایک گاڑی کے خفیہ خانوں سے 34 کلوگرام چرس برآمد کر لی، جبکہ بلوچستان کے رہائشی اعجاز احمد اچکزئی کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس امیر تیمور خان کی نگرانی میں رسالدار تمن لغاری، عبداللہ خان لغاری اور ایس ایچ او اشفاق احمد نے مشترکہ طور پر یہ آپریشن انجام دیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمانڈنٹ امیر تیمور خان نے بتایا کہ بارڈر ملٹری پولیس نے سمگلرز اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے، اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں رہنے دیا جائے گا۔ گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ کھر میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملزم گاڑی کے خفیہ خانوں میں چرس چھپا کر بلوچستان سے پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے ناکام بنا دیا۔

کمانڈنٹ امیر تیمور خان نے قبائلی عوام سے اپیل کی کہ وہ علاقے سے جرائم اور منشیات سمگلنگ کے خاتمے کے لیے بارڈر ملٹری پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے کارروائی میں حصہ لینے والی ٹیم کو بہترین کارکردگی پر شاباش بھی دی۔

Shares: