کراچی: سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ نے پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالر ڈپازٹ میں ایک سال توسیع کردی۔
باغی ٹی وی : اس حوالے سے جاری اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ڈپازٹ کی معیاد آج ختم ہو رہی تھی ، تاہم سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کی جانب سے 3 ارب ڈالر ڈپازٹ میں ایک سال توسیع کر دی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق 2021 میں حاصل شدہ 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کی تیسری بار توسیع دوستانہ تعلقات کا مظہر ہے،توسیع سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط کرنے میں مدد ملےگی، ڈپازٹ میں توسیع سے پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی میں بھی مدد ملےگی۔
واضح رہے کہ اکتوبر میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کے 8ویں ایڈیشن کے موقع پر پاکستان اور سعودی عرب نے دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا تھا،وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات میں پاک سعودی مضبوط اقتصادی شراکت داری کا اعادہ کیا کیا گیا تھا، اس موقع پر شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ یہ حقیقی محبت اورباہمی احترام کا ثبوت ہے جو دونوں ملکوں کے عوام کوجوڑتا ہے دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات میں بڑی تبدیلی لانے کیلئے مشترکہ عزم کا اظہار کیا تھا۔