گوجرانوالہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) گوجرانوالہ زون نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے چار ایسے ایجنٹوں کو گرفتار کیا ہے جو شہریوں کو سمندر کے راستے غیر قانونی طور پر یورپ بھجوانے میں ملوث تھے۔ ان ملزمان نے سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے بٹورے۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق، گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت محمد ادریس، عمر فاروق، مرزا نعیم بیگ اور اللہ دتہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ انہیں گوجرانوالہ اور گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔
ملزم نعیم بیگ نے ایک شہری سے 73 لاکھ روپے لیے اور اسے اٹلی بھجوانے کا وعدہ کیا۔ تاہم، اس نے شہری کو اٹلی کے بجائے لیبیا بھیج دیا، جہاں سے اسے غیر قانونی طور پر یورپ بھیجنے کی کوشش کی گئی۔ شہری نے کشتی کے ذریعے یورپ جانے سے انکار کر دیا اور واپس آ گیا۔
ملزم ادریس اور عمر فاروق نے شہریوں کو یورپ اور دیگر ممالک میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 1 کروڑ 31 لاکھ روپے سے زائد کی رقم حاصل کی۔ملزم اللہ دتہ نے بھی شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورے۔
ملزمان شہریوں سے بھاری رقم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گئے تھے۔ ایف آئی اے نے ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
ایف آئی اے کے حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کی کوشش نہ کریں اور انسانی اسمگلروں کے جھانسے میں نہ آئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی شہری کو انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے کوئی معلومات ہیں تو وہ فوری طور پر ایف آئی اے کو اطلاع دیں۔