سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں پولیس کو بڑی کامیابی ملی ہے۔ تھانہ کوٹلی سید امیر پولیس نے ڈی ایس پی صدر سرکل کی نگرانی اور ایس ایچ او سب انسپکٹر طیب حسین کی قیادت میں جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے کارروائی کرتے ہوئے خطرناک ڈکیت گینگ کے سرغنہ شیراز عرف شم پم سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان شہریوں سے اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکلیں، نقدی، قیمتی موبائل فونز اور طلائی زیورات چھین کر فرار ہو جاتے تھے۔ ابتدائی تفتیش میں ان ملزمان نے درجنوں وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، جن میں تھانہ کوٹلی سید امیر اور تھانہ صدر کے علاقوں کی متعدد وارداتیں شامل ہیں۔

پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے درج ذیل مسروقہ سامان برآمد کر لیا:

* 4 عدد چوری شدہ موٹرسائیکلیں
* 31 ہزار روپے نقدی
* 2 عدد قیمتی اسمارٹ موبائل فونز
* طلائی زیورات
* 2 عدد ناجائز پسٹل 30 بور بمعہ متعدد گولیاں
* کل مالیتی رقم: 6 لاکھ 71 ہزار روپے

گرفتار ملزمان کی شناخت درج ذیل ہے:

1. شیراز عرف شم پم ولد محمد الیاس سکنہ پریم نگر، سیالکوٹ
2. ستار ولد محمد صدیق سکنہ سیدڑہ خورد، سیالکوٹ
3. نبیل احمد ولد نذیر احمد سکنہ ریسواں، سیالکوٹ
4. شہباز ولد محمد افتخار سکنہ گامو گڑھ، سیالکوٹ

پولیس کے مطابق ان ملزمان کے خلاف اب تک 9 مقدمات ٹریس کیے جا چکے ہیں اور انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا ہے۔

ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے افسران و جوانوں کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔ عوامی حلقوں نے بھی پولیس کی اس پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ایسے آپریشنز سے جرائم پیشہ عناصر کا نیٹ ورک جلد ختم ہو جائے گا۔

Shares: