میرپور ماتھیلو (نامہ نگارمشتاق لغاری) خانپور مہر کے نواحی علاقے ہیکل پٹ میں ایک افسوسناک واقعے میں مسلح افراد نے کورائی برادری کے گھروں پر دھاوا بول دیا۔ اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت گلشیر کورائی، ان کے بھائی گل میر کورائی، گلشیر کی بیوی شریفاں اور ان کی والدہ اختیاراں کورائی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ مسلح افراد نے گھر میں گھس کر ان پر براہ راست فائرنگ کی، جس سے موقع پر ہی ان کی موت واقع ہو گئی۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق اطلاع دینے کے باوجود پولیس کافی دیر تک جائے وقوعہ پر نہیں پہنچ سکی، جس کے باعث مقتولین کی لاشیں کھلے آسمان تلے پڑی رہیں۔ اس تاخیر پر علاقہ مکینوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ تھانہ مبارک پور اور تھانہ خانپور مہر کی پولیس کے درمیان علاقے کی حدود کے تعین پر تنازعہ پایا جاتا ہے، جس کی وجہ سے ابتدائی طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کس تھانے کی پولیس جائے وقوعہ کی ذمہ داری لے گی۔ اس مبینہ تنازعے کے باعث مقتولین کی نعشیں کئی گھنٹوں تک جائے وقوعہ پر پڑی رہیں۔
بعد ازاں اعلیٰ پولیس حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، پولیس حکام نے اس واقعے کو پرانی دشمنی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ تاہم، انہوں نے مزید تفتیش کی یقین دہانی کرائی ہے تاکہ حقائق کو مکمل طور پر واضح کیا جا سکے۔
اس دلخراش واقعے نے علاقے میں سوگ کی فضا طاری کر دی ہے اور مقتولین کے لواحقین گہرے صدمے سے دوچار ہیں۔ علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔