گوجرانوالہ(نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 4 ملزمان گرفتار
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی کارروائیوں میں انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 4 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، گوجرانوالہ اور سمبڑیال میں چھاپوں کے دوران سرفراز احمد عرف صفدر، عبد الرحمان، آصف حسین اور محمد افتخار کو حراست میں لیا گیا۔ ملزمان نے شہریوں سے مجموعی طور پر ایک کروڑ 40 لاکھ 43 ہزار روپے بٹورے۔
حکام کے مطابق، سرفراز اور عبد الرحمان شہریوں کو سمندر کے راستے یورپ بھجوانے میں ملوث تھے اور اس مقصد کے لیے 90 لاکھ روپے وصول کیے۔ ملزمان نے شہریوں کو کشتی کے ذریعے لیبیا کے راستے اٹلی بھجوانے کی کوشش کی، تاہم شہریوں نے انکار کر دیا اور واپس آگئے۔
گرفتار ملزم محمد افتخار سال 2016 سے اشتہاری تھا، جس نے دبئی، امریکا اور کینیڈا میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 43 لاکھ 69 ہزار روپے ہتھیائے۔ اسی طرح، آصف حسین نے شہری کو دبئی بھیجنے کے لیے 7 لاکھ روپے وصول کیے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق، ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور روپوش ہو گئے تھے۔ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔