پشاور: محکمہ انسدادی دہشت گردی خیبر پختونخوا اور سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں پاک-افغان سرحد کے قریب پہاڑی علاقے میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مبینہ داعش سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
محکمہ انسداد دہشت گردی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی سرحد پار کرنے کی مصدقہ اطلاع پر افغانستان سرحد کے قریب دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا، دہشت گردوں نے ٹیم کا سامنا ہونے پر فائرنگ شروع کردی، جوابی فائرنگ میں 4 دہشتگرد مارے گئے۔
بیان میں بتایا گیا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 2 دستی بم، 2 کلاشنکوف بمعہ 6 میگزینز، 2 پستول، درجنوں کارتوس، پاکستانی کرنسی، شناختی کارڈ سمیت مختلف قسم کے کارڈز، گھڑی اور دیگر سامان برآمد ہوا۔
بیان کے مطابق ہلاک چاروں دہشت گردوں کا تعلق داعش خراساں سے تھا، جن کی شناخت داعش کے مقامی کمانڈر محمد داود ولد محمد یعقوب، عبداللہ ولد خان گل، محمد لائق ولد پیاو دین کے نام سے ہوئی جبکہ ایک ہلاک دہشت گرد کی تاحال شناخت نہ ہوسکی۔








