اسلام آباد :ایران سے پیاز اور ٹماٹر کے 40 ٹرک پاکستان پہنچ گئے۔ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے دوران ٹماٹر اور پیاز کی قیمتیں 300 روپے فی کلو تک پہنچ گئی تھیں۔

پاکستان میں جون سے اگست کے آخری ہفتے تک جاری مون سون بارشوں اور اس کے بعد سیلابی صورتحال کے نتیجے میں فصلیں تباہ ہوگئیں جبکہ ذرائع مواصلات بھی بری طرح متاثر ہونے سے سبزیوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی ترسیل میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

پاکستان میں ٹماٹر اور پیاز کی قیمتیں 300 روپے فی کلو تک پہنچنے کے بعد حکومت نے پیاز اور ٹماٹر کی درآمد کی اجازت دیتے ہوئے اس پر ڈیوٹی 90 روز کیلئے ختم کردی تھی۔حکومتی اجازت کے بعد ایران سے پیاز اور ٹماٹر کے 40 ٹرک تفتان پہنچ گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایران سے روزانہ کی بنیاد پر ٹماٹر اور پیاز کی درآمدات جاری رہے گی۔

ایف بی آر نے قیمتوں کے استحکام کیلئے پیاز اور ٹماٹر کی درآمد پر دو ایس آر اوز جاری کر دئیے، پیاز اور ٹماٹر کی درآمد پر ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی مکمل چھوٹ دے دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ سیلاب سے ملک بھر میں کھڑی فصلوں کو شدید نقصان سے مقامی منڈیوں میں پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا، وزیراعظم نے لوگوں کی مشکلات کم کرنے کیلئے پیاز اور ٹماٹر کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا ہے، ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی چھوٹ سے پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے ایف بی آر نے ٹماٹر اور پیاز کی درآمد پر 31 دسمبر، 2022 تک تمام ٹیکسز اور ڈیوٹیز سے استثنی دیا ہے، اس سے پہلے ایف بی آر نے ان تمام اشیاء پر ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی چھوٹ دے دی ہے جن کی تصدیق این ڈی ایم اے یا پی ڈی ایم اے کرے گی۔

Shares: