گھر سے بھاگے 310 لڑکے،190 لڑکیاں،47 خواتین کو ریلوے پولیس نے ورثا کے حوالے کیا

0
166
pak rail

اسلام آباد(محمداویس)پاکستان ریلویز پولیس نے سال 2023 کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوۓ ریلویز اور دیگر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف 3401 مقدمات کا اندراج کیا اور اسی تناظر میں 3913 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ریلوے مٹیریل چوری کرنے والوں کے خلاف 800 مقدمات درج کر کے 1047 ملزمان کوگرفتار کیا گیا اور تقریباً 04 کروڑ 77 لاکھ کی ریلوے پراپرٹی برآمد کی گئی ۔اسی طرح ریلویز اراضی پر ناجائز انکروچمنٹ کرنے والوں کیخلاف 927 مقدمات درج کرکے 973 ملزمان کو گرفتارکیا گیا اور ریلویز اراضی پر ناجائز قابضین کے خلاف مشترکہ آپریشن عمل میں لاکر تقریباً 161.226 ایکٹر پر مشتمل 6824.353 ملین روپے مالیت (6 ارب 82 کروڑ 43 لاکھ روپے) کی جگہ واگزار کروائی گئی جس میں 76.369 ایکڑ کمرشل، 65.440 ایکٹر زرعی اور 19.417 ایکڑ رہائشی ریلوے اراضی شامل ہے۔

منشیات کے خلاف 200 مقدمات درج کئے گئے اور 202 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ کارروائی کے دوران 118 کلومنشیات اور 923 عدد شراب کی بوتلیں بھی برآمد کی گئیں۔ ٹرینوں اور پلیٹ فارمز پر غیر قانونی ہاکرز کے خلاف 74 مقدمات کا اندراج کر کے 21000 روپے جرمانہ سرکاری خزانے میں جمع کروایا گیا۔

سال 2023 میں 120 کے قریب عدالتی اور پولیس مفروران کوگرفتار کیا گیا۔ اسی طرح بذریعہ ٹرین غیر قانونی اسلحہ کی اسمگلنگ کرنے والوں کیخلاف 97 مقدمات درج کئےگئے اور 97 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔سال 2023 کے دوران ریلویز پولیس کی آٹھوں ڈویژن ہاۓ نے 3401 مقدمات درج کئے ۔ اسی سلسلے میں پشاور ڈویژن میں571، راولپنڈی 526، لاہور 1009، مغلپورہ ورکشاپس 171، ملتان 466، سکھر 165، کراچی 445 اور کوئٹہ ڈویژن میں 48 مقدمات کا اندراج کیا گیا۔

ملک بھر کے تمام بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر قائم ریلویز پولیس ہیلپ سینٹرز نے بھی سال 2023 کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 87 گمشدہ لڑکے اور 92 لڑکیوں کو بحفاظت ورثاء کے حوالے کیا اور اسی طرح گھر سے بھاگے ہوۓ 310 لڑکوں، 190 لڑکیوں اور 47 عورتوں کو قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کے بعد ورثاء اور ویلفیئر اداروں کے حوالے کیا گیا۔ اسکے علاوہ مسافروں کے 2087 گمشدہ بیگ جن کی مالیت تقریباً 2 کروڑ 10 لاکھ روپے بنتی ہے کوحقیقی مالکان کے حوالے کیا گیا۔ 15061 مسافروں کو فرسٹ ایڈ، وہیل چیئر اور اسٹیچر جیسی دیگر سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔

واضح رہے کہ موجودہ آئی جی ریلویز پولیس کی سربراہی میں سال 2023 میں ریلویز پولیس کی کارکردگی سال 2022 کے برعکس شاندار اورنمایاں رہی جس میں گذشتہ سال کے مقابلے میں اضافی مقدمات کا اندراج کیا گیا اور ریلویز حدود اور ٹرینوں میں جرائم کی روک تھام کے لئے تادیبی اقدامات بھی اٹھائے گئے۔

Leave a reply