پاک فوج کے زیراہتمام چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں سول ایوارڈز کی پروقار تقریب ہوئی جس میں نیشنل کمانڈ اتھارٹی سے وابستہ 47 سائنسدانوں اور انجینئرز کو اعزازات سے نوازا گیا-

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر کی جانب سے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے تحت کام کرنے والے ممتاز سائنسدانوں اور انجینئرز کو ان کی نمایاں خدمات پر سول اعزازات سے نوازا گیا یہ اعزازات چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی / ڈپٹی چیئرمین ڈیولپمنٹ کنٹرول کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا (نشانِ امتیاز ملٹری) نے ایک باوقار تقریب کے دوران چکلالہ گیریژن، راولپنڈی میں تقسیم کیے۔

https://x.com/zarrar_11PK/status/1934912935542804593

آئی ایس پی آر نے کہا کہ تقریب کے دوران مجموعی طور پر 47 افسران کو اعزازات دیے گئے، 10 افسران کو ستارہ امتیاز21 افسران کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکر دگی عطا کیا گیا، 16 افسران کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا یہ اعزازات نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے سائنسدانوں اور انجینئرز کی ان خدمات کا اعتراف ہیں جو انہوں نے قومی دفاع، ٹیکنالوجی اور اسٹریٹجک صلاحیتوں کے فروغ کے لیے انجام دیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے خطاب میں ایوارڈ یافتگان کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی خدمات کو پاکستان کے اسٹریٹجک پروگرام اور قومی سلامتی کے لیے ریڑھ کی ہڈی قرار دیا، انہوں نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں خودانحصاری کے حصول کی اہمیت پر زور دیا اور مستقبل میں بھی اسی جذبے سے کام جاری رکھنے کی تلقین کی، تقریب میں اعلیٰ عسکری و سویلین حکام، سائنسدانوں، انجینئرز اور ان کے اہلخانہ نے شرکت کی۔

Shares: