میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری) وطن دوست مزدور فیڈریشن پاکستان کی جانب سے مرحوم عبدالعزیز عباسی کی چوتھی برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ تقریب جمشید ہاؤس میں فیڈریشن کے مرکزی صدر ایڈووکیٹ جمشید احمد فیض کی صدارت میں منعقد ہوئی، جس میں مزدوروں اور مزدور تنظیموں کے رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مقررین نے مرحوم کی ملک کے مزدور طبقے کے لیے کی گئی لازوال خدمات اور قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات ہمیشہ احترام کے ساتھ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مزدوروں پر زور دیا کہ وہ اختلافات بھلا کر اتحاد کے ساتھ اپنے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں۔

تقریب میں ایڈووکیٹ جمشید احمد فیض، عبدالحق کٹیاں، رئیس فتح محمد لکن، غلام سرور عباسی، صادق لغاری، موج علی سمیجو، خادم حسین بھٹو، نواب علی سمیجو اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مقررین نے موجودہ حکومت کی مزدور مخالف پالیسیاں بھی تنقید کا نشانہ بنائیں اور مطالبہ کیا کہ لیبر قوانین پر عمل درآمد ہو، ڈیلی ویجز مزدوروں کو مستقل کیا جائے اور ہاریوں کو فصل کا مناسب معاوضہ دیا جائے۔

آخر میں شرکاء نے مرحوم عبدالعزیز عباسی کو خراج تحسین پیش کیا، جبکہ تقریب میں شوکت اعوان، رب نواز سمیجو، علی نواز عاربانی، منظور احمد سمیجو، عبدالستار سل، وزیر احمد بھنڈیرو، فروز احمد لکن، غلام مرتضیٰ ملک اور دیگر بھی شریک ہوئے۔

Shares: