شہر قائد کے علاقے بلدیہ میں گزشتہ روز پیدا ہونے والے پانچ بچوں میں سے دو بچے دوران علاج انتقال کرگئے۔ بچوں کی قبل از وقت پیدائش کے باعث انہیں سانس لینے میں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔

بلدیہ ٹاؤن کے رہائشی عدنان شیخ کے ہاں گزشتہ روز آپریشن کے ذریعے بیک وقت 5 بچوں کی پیدائش ہوئی، جن میں 3 لڑکے اور 2 لڑکیاں شامل تھیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق تمام بچے قبل از وقت، 29 ہفتے کی مدت حمل پر پیدا ہوئے تھے جس کی وجہ سے انہیں مختلف طبی پیچیدگیوں کا سامنا تھا، خاص طور پر سانس لینے میں دشواری۔

اہل خانہ کے مطابق 5 میں سے 2 بچے دوران علاج دم توڑ گئے، جس پر والدین شدید غم سے نڈھال ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق بچوں کے ابتدائی لیبارٹری ٹیسٹ بھی کیے گئے تھے اور انہیں نازک حالت میں خصوصی نگہداشت فراہم کی جا رہی تھی۔طبی ماہرین کے مطابق قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کو بچانے کے لیے خصوصی نگہداشت اور جدید سہولیات درکار ہوتی ہیں، تاہم بعض اوقات پیچیدگیاں جان لیوا ثابت ہو سکتی ہیں۔

لانگ مارچ،توڑ پھوڑ کیس،عمران اسماعیل کے وارنٹ جاری

Shares: