دوران ڈکیتی زیادتی میں ملوث 5 ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک

ہلاک ملزمان کا تعلق اندرون سندھ سے تھا
crim

کراچی: منگھوپیر خیر آباد کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے میں 5 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

باغی ٹی وی: ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق پولیس علاقے میں سرچ اور کامبنگ آپریشن کر رہی تھی ، کہ شہریوں کی جانب سے ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور ڈاکوؤں کے ساتھ براہ راست مقابلہ ہوا، جس میں پانچ ڈاکو ہلاک ہوئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے پانچ ڈاکو متعدد جرائم میں ملوث تھے جن سے شہری بڑے تنگ تھے۔ ان کے قبضے سے ایس ایم جی ، پسٹلز ، رپیٹرز، گھروں میں ڈکیتی کے لیے تالے کاٹنے والے کٹر اور موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں، ملزمان مختلف علاقوں میں وارداتیں کرتے تھے اور ان سے بڑے ہتھیار بھی برآمد ہوئے جبکہ پولیس کے مطابق ہلاک ڈکیت اسٹریٹ کرائم کے علاوہ گھروں میں وارداتوں کے دوران زیادتی بھی کرتے تھے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ہلاک ڈاکوؤں کی لاشیں قانونی کارروائی کےلیے اسپتال منتقل کیں جہاں تین کی شناخت صدام، نیاز اور قلندر بخش کے نام سے ہوئی ہلاک ملزمان کا تعلق اندرون سندھ سے تھا۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے گلبرگ قبائل کالونی میں گھر کے قریب گلی سے 3 سالہ بچی کی لاش ملی۔

پولیس کے مطابق بچی کی شناخت (آ) دختر عبد الباسط کے نام سے کی گئی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا بچی کے گلے میں دوپٹہ لپٹا ہوا تھا پولیس واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے3 سالہ (آ) 6 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی تھی اس کے والد عمرے کی ادائیگی کے لئے گئے ہوئے ہیں اور 12 اکتوبر کو ان کی واپسی ہے.

بڑے بہن بھائی علی الصبح گھر سے اسکول کے لئے روانہ ہوئے تو ننھی بچی بھی ان کے ساتھ نکل گئی 7 بجکر 15 منٹ پر بچی گھر سے نکلی اور 15 سے 20 منٹ بعد گھر کے قریب ہی گلی سے لاش ملی والدہ نے بچی کی لاش دیکھی تو اس کے گلے میں دوپٹے سے پھندا لگا ہوا تھا۔ بچی کے والد پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں۔

لواحقین کا کہنا ہے کہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں، ایسا جھگڑا کسی کے ساتھ نہیں ہوا کہ ہمارے اوپر اتنا بڑا ظلم کرے، ہم پر قیامت ٹوٹ پڑی ہے۔

ادھر ملتان میں اسکول جانے والی خاتون ٹیچر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق خاتون ٹیچر کو گلزیب کالونی میں اسکول جاتے ہوئے قتل کیا گیا، نجی اسکول ٹیچر گھر سے اسکول جا رہی تھی کہ نامعلوم شخص نے فائرنگ کر دی خاتون ٹیچرکےقتل کی تحقیقات کی جارہی ہیں، خاتون ٹیچر کے قتل کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی جس میں قاتل کو خاتون ٹیچر کا پیچھا کرتے دیکھا جا سکتا ہے، مسلح شخص نے قریب آکرسرمیں گولی ماری۔

ایس پی کینٹ طاہر مجید کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کا سراغ لگا رہے ہیں، امکان ہے ملزم خاتون کو پہلے سے جانتا تھا، ملزم فائرنگ کے بعد خاتون کا موبائل فون اٹھا کرفرارہوگیا۔

Comments are closed.