کراچی:بین الصوبائی منشیات اسمگلرز گرفتار، پچاس لاکھ روپے مالیت کی آئس برآمد
کراچی: پولیس نے بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے دو ملزمان کو گرفتار کر کے پچاس لاکھ روپے مالیت کی آئس برآمد کرلی۔
باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق یہ کارروائی سکھن پولیس نے کی اور بدنام منشیات اسمگلر گروہ کے دو اہم کارندوں کو گرفتار کرلیا ملزمان میں محمد رفیق بروہی ولد فضل محمد اور خالد حسین عباسی ولد نورحسین شامل ہیں، ملزمان کو ریڑھی گوٹھ کے علاقےآئی سی ای کے قریب جیٹی سے گرفتار کیا گیا ملزمان کے قبضے سے اعلیٰ کوالٹی کی 745 گرام آئس برآمد کی گئی جسکی مالیت 50 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
ایس ایچ او سکھن زبیر نواز کے مطابق ملزمان نے ابتدائی طور پر انکشاف کیا ہے کہ ان کا تعلق منشیات اسمگلرز کے بین الصوبائی گروہ سے ہے، ملزمان بلوچستان سے بائی روڈ آئس اور دیگر منشیات ریڑھی گوٹھ لائے تھے اور بعد ازاں لانچ کے ذریعے سمندری راستے مذکورہ آئس ضلع ٹھٹھہ، کیٹی بندر لے جانا چاہتے تھے مذکوره گروه کے دیگر ساتھی منشیات افغانستان سے چمن باڈر کے راستے پاکستان لاتے تھے جو بلوچستان اور بعد ازاں سندھ سمیت دیگر صوبوں میں سیلائی کی جاتی ہے۔