نیشنل کرائم کنٹرول اینڈ انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے بھارت سے کشیدگی کے دوران ریاست مخالف بیانیہ پھیلانے والے 500 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کے بعد ان کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
حساس ملکی حالات میں گمراہ کن معلومات اور جھوٹے بیانیے پھیلانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جس پر حکومت کی جانب سے فوری طور پر کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹیم ان سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا گہرائی سے تجزیہ کر رہی ہے جن کے ذریعے ریاست کے خلاف مہم چلائی جا رہی تھی۔سائبر کرائم ونگ کے اہلکار ان مشتبہ اکاؤنٹس کی سرگرمیوں کا بغور جائزہ لے رہے ہیں تاکہ ان کے پیچھے موجود افراد کو شناخت کیا جا سکے۔ نادرا (نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی) کی مدد سے مشتبہ افراد کی شناخت کے لیے چہرہ شناسائی کے طریقہ کار کا استعمال کیا جا رہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ تصدیق کے بعد سائبر قوانین کے تحت ان افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، تاکہ ریاست کی سیکیورٹی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو ناکام بنایا جا سکے۔این سی سی آئی اے نے واضح کیا ہے کہ ریاست کو غیر مستحکم کرنے کی آن لائن کوششیں برداشت نہیں کی جائیں گی اور ایسی سرگرمیوں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی۔