ننکانہ صاحب: بابا گورو نانک کے 555ویں جنم دن کی تقریبات کے لیے فول پروف انتظامات مکمل

ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) – بابا گورو نانک کے 555ویں جنم دن کی تقریبات 14 سے 16 نومبر تک جاری رہیں گی۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ محمد تسلیم اختر راو کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی انتظامیہ کے تمام اعلیٰ افسران، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ اوقاف اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

تمام تعلیمی ادارے 14، 15 اور 16 نومبر کو بند رہیں گے، جبکہ 15 نومبر کو ضلع ننکانہ میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔گوردواروں کے اطراف گوشت اور پان شاپس بند رہیں گی۔تمام افسران کو گوردواروں میں ڈیوٹی کے دوران ممنوعہ سرگرمیوں سے اجتناب کی ہدایت دی گئی ہے۔

سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس 24 گھنٹے کے لیے تعینات کیے جائیں گے۔ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ہیوی مشینری مکمل طور پر فعال رکھی جائے گی۔گوردوارہ جنم استھان میں مختلف ممالک کی کرنسی کے تبادلے کے لیے کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے۔

میونسپل اداروں کو شہر کو زیرو ویسٹ بنانے کے لیے فوری پلان تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ شہر بھر کو خوبصورت بنانے کے لیے خصوصی اقدامات اور پیچ ورک مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ تمام بینرز اور فلیکسز کو فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔

پولیس کو تھری لیئر اور روف ٹاپ سیکیورٹی کے علاوہ پارکنگ ایریاز کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شہر میں سیکورٹی کیمروں کی تنصیب کا عمل جلد مکمل کرنے اور کنٹرول رومز کے ذریعے نگرانی کا عمل یقینی بنایا جائے گا۔
محکمہ صحت تمام گوردواروں میں اسپرے کے ذریعے بیماریوں سے بچاؤ یقینی بنائے گا اور جنم استھان پر منی ہسپتال قائم کیا جائے گا۔

ریسکیو 1122 تقریبات کے دوران دوسرے اضلاع سے ایمبولینسز اور عملے کی تعیناتی کے اقدامات کرے گا۔ فوڈ اتھارٹی اور محکمہ صحت کی ٹیمیں ساتوں گوردواروں میں لنگر کی چیکنگ کے بعد تقسیم یقینی بنائیں گی۔

ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے کہا کہ تقریبات کے دوران ضلعی انتظامیہ کے تمام افسران اور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ رہیں گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان آنے والے تمام سکھ یاتریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ان تقریبات کے ذریعے پاکستان کا عالمی سطح پر مثبت امیج اجاگر ہوگا۔

دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ مہمان ہمارے لیے باعثِ عزت ہیں، اور انہیں بلا تفریق اعلیٰ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

Comments are closed.