ننکانہ : بابا گرو نانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات کے لئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ

ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز)بابا گرو نانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اور سیکرٹری داخلہ پنجاب نے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دونوں اعلیٰ عہدیداران نے ننکانہ صاحب میں گردوارہ جنم استھان سمیت شہر کے اہم داخلی اور خارجی راستوں پر پہنچ کر انتظامات کا معائنہ کیا اور سیکیورٹی اداروں کو ضروری ہدایات دیں۔

ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب تسلیم اختر اور ڈی پی او ندیم عباس نے ڈی سی آفس کنٹرول روم میں انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات 14 سے 16 نومبر تک جاری رہیں گی، جس میں دنیا بھر سے 60 ہزار سے زائد سکھ یاتریوں کی شرکت متوقع ہے۔ اس موقع پر خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ یاتری پاکستان سے خوشگوار یادیں لے کر جائیں۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے گردوارہ جنم استھان میں اضافی کرنسی ایکسچینج اور پی سی او بوتھ کے قیام کی ہدایت کی۔ فوڈ اتھارٹی کو یاتریوں کے کھانے اور لنگر کے معیار کی سختی سے چیکنگ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یاتریوں کے لیے ننکانہ صاحب، فاروق آباد، شیخوپورہ، حسن ابدال، کرتار پور، ایمن آباد اور لاہور کے دورے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

اس موقع پر کمشنر لاہور زید بن مقصود، آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل، ڈی سی ننکانہ صاحب اور سیکیورٹی اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

Comments are closed.