ڈی جی خان : صرف ایک موضع میں 57 غیرقانونی کالونیاں قائم ،قبضہ و لینڈ مافیا ء کے من پسند پٹواری تعینات

ڈیرہ غازیخان،باغی ٹی وی(ڈاکٹرغلام مصطفٰی بڈانی )صرف ایک موضع میں 57غیرقانونی کالونیاں قائم ،قبضہ و لینڈ مافیا ء کے من پسند پٹواری تعینات
میونسپل کارپوریشن ڈیرہ غازیخان کے جاری کردہ اشتہار جس میں غیرقانونی کالونیوں کی لسٹ جاری کی گئی اس میں کل غیر قانونی کالونیوں کی تعداد 103ہے ،جس میں صرف ایک موضع گدائی شمالی میں قائم غیرقانونی کالونیوں کی تعداد 57ہے اور باقی 46غیرقانونی کالونیوں ڈیرہ غازیخان کے مختلف مواضعات جن میں موضع چورہٹہ سندھ شمالی جس میں تقریباََ 16غیرقانونی کالونیاں ہیں ،موضع چورہٹہ سندھ جنوبی میں 10اور موضع گدائی غربی میں 6 اور موضع ڈیرہ غربی میں بھی ایسی کالونیاں واقع ہیں،ذرائع کاکہنا ہے کہ موضع گدائی شمالی میں پٹواری اپنی تعیناتی کے آڈرحاصل کرنے کیلئے ہر قسم کے ذرائع استعمال کرکے اور لاکھوں روپے رشوت دیکر تعیناتی کراتے ہیں اور پھرکروڑوں روپے کماکر بے نامی جائیدادیں اور بنک بیلنس بناتے ہیں۔اسی طرح 32 موضع جات ایسے ہیں جن میں ڈیرہ غازی خان شہر بھی شامل ہے جنہیں پٹواری حضرات کمپیوٹر ائزڈ کرنے کو تیار نہیں ہیں اور مختلف حیلے بہانوں سے روک رکھاہے ذرائع کا کہنا کے ان موضع جات میں تعینات ہونے کے لئے پٹواری حضرات لاکھوں روپے رشوت کے طور پر افسران اور سیاسی لوگوں کو دیکر ان بغیر کمپیوٹر ائزڈ موضع جات میں اپنی تعیناتی کراتے ہیں اور پھر دل کھول کر مال پانی بناتے ہیں اس بارے ذرائع کا کہناہے کے محکمہ مال اور دیگر کئی محکموں اور سرکاری تقریبات کا سارا خرچہ بھی ان موضع جات میں تعینات پٹواری ہی اٹھا تے ہیں۔کچھ عرصہ قبل میونسپل کارپوریشن ڈیرہ غازیخان نے جو اشتہارجاری کیا تھا اس کے متن کے مطابق میونسپل کارپوریشن ڈیرہ غازی خان کی حدود میں 103 ہاؤسنگ سکیمیں /لینڈ سب ڈویژن غیر قانونی غیر منظور شدہ ہیں۔ ان غیر قانونی اورغیر منظور شدہ سکیموں کے مالکان اور ڈویلپرز معصوم عوام کودھوکہ دے رہے ہیں ، جوکہ پنجاب لوکل گورنمنٹ آرڈینینس 2021 پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 و پنجاب پرائیویٹ ہائوسنگ سکیمز و لینڈ سب ڈویژن رولز 2010 کی خلاف ورزی ہے اوران سکیموں میں رولز کے مطابق مطلوبہ سہولیات (مثلا پارک،سڑکات، پبلک بلڈنگ، مسجد، قبرستان ، ڈسپوزل / سالڈ ویسٹ پلاٹ اور کمرشل ایریا) کی فراہمی کے بغیر غیر قانونی خرید و فروخت کر رہے ہیں۔ ذرائع کاکہناہے کہ میونسپل کارپوریشن ڈیرہ غازیخان نے صرف کاغذی کارروائی میں مصروف ہے ،ان غیر قانونی کالونی مالکان کے خلاف پنجاب لوکل گورنمنٹ آرڈیٹینس 2021 پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 ، پنجاب لینڈ یوز رولز 2020 اور پنجاب پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز، ولینڈ سب ڈویژن رولز 2010 کے تحت کوئی کارروائی نہیں کی اور ان غیرقانونی کالونیز مالکان کیخلاف اندراج مقدمات کی بھی کوئی سفارش نہیں کی گئی ہے اور یوٹیلٹی سروسز مہیا کرنے والے اداروں کے سربراہوں کو کوئی لیٹر نہیں لکھے گئے کہ غیر منظور شدہ کالونیوں ولینڈ سب ڈویژن میں اپنی سہولیات منقطع کردیں،اور نہ ہی ان اداروں کے سربراہوں کو کسی نئی تعمیر ہونے والی سکیم ،انفرادی تعمیرات ،عمارات کیلئے میونسپل کارپوریشن سے NOC یانقشہ کی منظوری کے بغیر کنکشن دینے سے روکنے کیلئے کوئی علیحدہ سے ریمائنڈر لیٹربھیجا گیا،سیاسی و سماجی ومذہبی حلقوں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی ،چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیرہ غازیخان میں بچ جانے والے مینوئل موضع جات کو فوری کمپیوٹرائزکرایاجائے تاکہ ان موضع جات میں ہونے والی کرپشن پرقابو پایاجاسکے اور عوامی وسماجی حلقوں نے غیرقانونی کالونیوں کے خلاف کارروائی کرکے ذمہ داران کو بھی کیفرکردارتک پہنچایاجائے کامطالبہ کی ہے۔



Leave a reply