57 سالہ شخص مبینہ طور پر اغواء، اغواء کاروں کا 01 کروڑ تاوان کا مطالبہ

0
55

کلرسیداں:کلرسیداں سے 57 سالہ شخص مبینہ طور پر اغواء، اغواء کاروں کا 01 کروڑ تاوان کا مطالبہ،عدم ادائیگی پر جان سے مارنے کی دھمکی۔مغوی کے بھائی کی مدعیت میں کلرسیداں پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ذرائع کے مطابق کلرسیداں کے علاقے میرگالہ منگرال سر صوبہ شاہ کے رہائشی سلطان محمد داؤد نے کلرسیداں پولیس کو درخواست دی کہ17 دسمبر بروز ہفتہ میرا چھوٹا بھائی چنگیز اختر بعمر 57 سال نے مجھے بتایا کہ خرم ولد ارشاد ساکن ڈھوک مغلاں میرگالہ منگرال کلرسیداں کے پاس جارہا ہوں۔

 

 

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس کے پاس ہماری زمین کا ٹھیکہ ہے۔کہ ٹھیکہ مکمل ہونے والا ہے وہ ہماری زمین واپس کردے۔پہلے بھی 2/3 مرتبہ اس کو کہہ چکا ہوں مگر وہ نہ مان رہا ہے۔اگر آج بھی نہ مانا تو اسکو وکیل کے ذریعے نوٹس بھجواوں گا۔جو دن گیارہ بجے گیا اور آج تک واپس نہ آیا ہے۔آج 20 دسمبر کو بھائی کے موبائل سے میرےموبائل پر ایک نامعلوم شخص نے میرے بھائی چنگیز اختر کی بات کروائی،تو اس نے بتایا کہ مجھے اغواء کر لیا گیا ہے۔اور یہ لوگ "01 کروڑ” روپیہ مانگ رہے ہیں،نہیں تو مجھے گولی مارکر جان سے مار دیں گے۔پھر موبائل بند ہوگیا۔کچھ دیر بعد دوبارہ بھائی نے کال کی اور کہا کہ میرے دوسرے نمبر پر 500 روپے کا لوڈ کروا دو۔ جو میں نے لوڈ کروا دیا۔پھر موبائل بند ہوگیا۔جو اب تک بند مل رہا ہے۔

 

 

میرے بھائی چنگیز اختر کو تاوان لینے کی نیت سے اغواء کرلیا گیا ہے۔ملزمان کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے بھائی کو بازیاب کروایا جائے۔کلرسیداں پولیس نے کیس کے حالات واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے مغوی کی بازیابی کے لیے کوششیں شروع کردیں۔ ادھر کلرسیداں پولیس کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق مغوی کے موبائل سم سی ڈی آر کے لیے آئی ٹی لیب راولپنڈی پولیس سے معاونت طلب کرلی گئی ہے۔جبکہ مغوی کی زمین ٹھیکے پر لینے والے خرم ولد ارشاد نامی شخص کو دائرہ تفتیش میں لانے کے لیے کوششیں جاری ہیں جو تاحال دستیاب نہ ہوا۔ کلر سیداں پولیس مغوی کی بازیابی کیلئے تمام جدید ٹیکنالوجی اور ہرممکن وسائل کو بروئے کار لاکر مغوی چنگیز اختر کی محفوظ بازیابی کو یقینی بنائے گی۔

Leave a reply