باغی ٹی وی (اپنے نمائندگان سے)یومِ یکجہتی کشمیر: ملک بھر میں جوش و خروش سے ریلیوں کا انعقاد
پاکستان بھر میں 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر جوش و جذبے سے منایا گیا، جہاں مختلف شہروں میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں، تقاریب کا انعقاد کیا گیا اور بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کی گئی۔
ضلع خیبر لنڈی کوتل میں یومِ یکجہتی کشمیر کی تقریبات
ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام یومِ یکجہتی کشمیر منایا گیا۔ اس موقع پر ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ جامع مسجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعائیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں کشمیری مسلمانوں کی آزادی کے لیے دعا کی گئی۔
ریلی میں اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل عدنان ممتاز، تحصیل چیئرمین شاہ خالد شنواری، پولیس ایڈیشنل ایس ایچ او عظمت ولی شنواری، مشران اور تاجروں نے شرکت کی۔
جمرود میں یومِ یکجہتی کشمیر پر احتجاجی ریلی
جمرود میں بھی یومِ یکجہتی کشمیر جوش و جذبے سے منایا گیا۔ ضلعی انتظامیہ اور ضلعی خیبر یوتھ افیئرز کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، جس میں اسسٹنٹ کمشنر جمرود ڈاکٹر عامر زیب، ٹی ایم اے جمرود سید نوراللہ، ضلعی یوتھ آفیسر ساجد آفریدی، سول ڈیفینس انچارج قیوم سمیت علاقائی عمائدین اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شرکاء نے "کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعرے لگاتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے مظالم کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلائے۔
حافظ آباد میں ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں یکجہتی ریلی
ضلع حافظ آباد میں ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کی قیادت میں یومِ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی، جو ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے جناح چوک تک جاری رہی۔ ریلی میں سرکاری افسران، ملازمین، اساتذہ، طلبہ، میڈیا نمائندگان اور شہریوں نے شرکت کی۔
شرکاء نے کشمیری پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور بھارتی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کشمیر کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دیا جائے۔
چنیوٹ میں ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام ریلی
چنیوٹ میں بھی یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل نے کی۔ ریلی میں محکمہ تعلیم، میونسپل کمیٹی، سول سوسائٹی، طلبہ، اساتذہ اور دیگر افراد نے شرکت کی۔
ریلی کے اختتام پر قائداعظم اکیڈمی میں ایک سیمینار منعقد ہوا، جہاں طلبہ نے تقاریر اور ملی نغمے پیش کیے۔ ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
سکھیکی میں یکجہتی کشمیر ریلی
سکھیکی میں میونسپل کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یومِ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں مرکزی ریلی نکالی گئی، جو میونسپل کمیٹی سے شروع ہو کر میلاد چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی میں میونسپل کمیٹی، سکیورٹی برانچ، میڈیا نمائندگان، تھانہ سکھیکی پولیس اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر کشمیری عوام کی آزادی، پاکستان کی خوشحالی، امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
تنگوانی میں یومِ یکجہتی کشمیر پر ریلی کا انعقاد
تنگوانی میں بھی دیگر شہروں کی طرح یومِ یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ریلی نکالی گئی، جس کا انعقاد امن کمیٹی نے کیا۔ ریلی نادر آفس چوک سے شروع ہو کر سوئی روڈ وینس اینڈ تک گئی۔
ریلی کی قیادت محمد سچل شیخ، جگدیش کمار، ڈاکٹر ہار محمد رند، الہی بخش بکہرانی، علی گوہر باجکانی، خادم حسین حضور بخش اور دیگر رہنماؤں نے کی۔ شرکاء نے کشمیری عوام کی حمایت میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور "کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعرے لگاتے رہے۔
امن کمیٹی کے رہنماؤں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لیا جائے اور انہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حقِ خودارادیت دیا جائے۔
حافظ آباد میں جمعیت علمائے اسلام کے زیرِ اہتمام ریلی
حافظ آباد میں جمعیت علمائے اسلام کے زیرِ اہتمام مدرسہ اشرفیہ تا فوارہ چوک عظیم الشان یکجہتی ریلی نکالی گئی، جس کی صدارت حافظ نعمان سعید نے کی۔ ریلی میں جے یو آئی کے نائب صدر حافظ نعمان سعید، مفتی محمد وقاص خالد، حافظ اللہ دتہ ساجد، حافظ حسین احمد، حافظ لیاقت، مولانا عبدالواحد اور دیگر علمائے کرام نے شرکت کی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سفارشات کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے قائدِ جمعیت مولانا فضل الرحمن کی مسئلہ کشمیر کے لیے کی جانے والی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان بھر میں کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ مختلف شہروں میں نکالی گئی ریلیوں میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ مقررین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے ظالمانہ قبضے کے خلاف کشمیریوں کا ساتھ دے اور انہیں ان کا جائز حق دلوائے۔
ننکانہ صاحب: یومِ یکجہتی کشمیر پر تقریبات و ریلیاں
ملک بھر کی طرح ننکانہ صاحب میں بھی یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ مرکزی تقریب ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر، ڈی پی او سید ندیم عباس، ممبران اسمبلی، سکھ کمیونٹی، صحافیوں، علماء اور شہریوں نے شرکت کی۔
تقریب میں طلبہ نے ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلوز پیش کیے۔ مقررین نے خطاب میں کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ اقوامِ متحدہ کو بھارتی مظالم کا نوٹس لینا ہوگا۔
اختتام پر ڈی سی آفس سے گوردوارہ جنم استھان تک اظہارِ یکجہتی ریلی نکالی گئی۔ تحصیل شاہکوٹ اور سانگلہ ہل میں بھی ریلیاں منعقد ہوئیں، جن میں شہریوں، سرکاری افسران اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔
اوکاڑہ: سرکاری سکولوں میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریبات
اوکاڑہ: سرکاری سکولوں میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تقاریب اور ریلیاں منعقد کی گئیں، طلبہ نے تقریری مقابلوں اور ٹیبلوز کے ذریعے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ ترجمان سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کامیاب ہو کر رہے گی۔