خیبر (باغی ٹی وی رپورٹ)جمرود پولیس نے آئس کے خلاف دو مختلف کارروائیوں میں بڑی کامیابی حاصل کی، جن کے دوران مجموعی طور پر 6 کلوگرام سے زائد آئس برآمد کی گئی۔ کارروائیوں میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) رائے مظہر اقبال کے احکامات پر ضلع بھر میں منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ایس ایچ او جمرود، شاہ خالد کی قیادت میں انچارج نواب شاہ شہید، بخت منیر، اور گل امین نے خفیہ اطلاع پر خصوصی ناکہ بندی کی۔ اس دوران مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کی تلاشی کے دوران 5 کلوگرام آئس برآمد کی گئی اور ملوث افراد ساجد خان اور شاہ زمین کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا گیا۔

ایک اور کارروائی میں اسسٹنٹ انچارج بھگیاری شکیل خان نے بھگیاری خوڑ میں خصوصی ناکہ بندی کے دوران ایک مشتبہ پیدل شخص سے 1015 گرام آئس برآمد کی۔ ملزم محمد آصف کو موقع پر گرفتار کرکے حوالات منتقل کیا گیا اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف اس کریک ڈاؤن کا مقصد علاقے کو نشے کی لعنت سے پاک کرنا ہے اور یہ کارروائیاں آئندہ بھی بھرپور طریقے سے جاری رہیں گی۔

Shares: