پاکستان کے قومی دفاع میں 27 فروری 2019 کا دن ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس دن کو یادگار بنانے کے لئے آئی ایس پی آر نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے چھ سال مکمل ہونے پر ایک نیا نغمہ "دشمناسُن” ریلیز کیا ہے۔ اس نغمے میں وطن کے جانباز سپوتوں کی جانب سے ملکی دفاع کیلئے عہد و پیمان کا اظہار کیا گیا ہے۔

27 فروری 2019 کو پاکستان کی مسلح افواج نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا بھرپور مظاہرہ کیا تھا۔ پاک فضائیہ نے اس دن سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے دو لڑاکا طیاروں کو مار گرایا۔ اس کارروائی کے دوران ایک بھارتی پائلٹ، ابھی نندن کو گرفتار کیا گیا جس نے پاکستان کے بہادری اور عزم کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیا گیا نغمہ "دشمناسُن” پاکستان کے دشمنوں کے لیے ایک سخت پیغام ہے۔ یہ نغمہ ملکی خودمختاری کے دفاع میں پاکستان کے عزم کی تجدید کا ایک مظہر ہے، جس میں یہ پیغام دیا گیا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ نغمے میں وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے سپاہیوں کے عزم و حوصلے کی تصویر کشی کی گئی ہے، جو اپنے ملک کی سالمیت کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔

"دشمناسُن” نغمے کی شاعری احمد عظیم نے تحریر کی ہے جبکہ اس نغمے کو کامران اللہ خان نے نہ صرف گایا بلکہ کمپوز بھی کیا ہے۔ اس نغمے کی تخلیق میں ہر لفظ میں حب الوطنی کی گونج اور دشمن کے خلاف پاکستان کی طاقت کا اظہار کیا گیا ہے۔یہ نغمہ نہ صرف پاک فضائیہ کی کامیابیوں کو اجاگر کرتا ہے بلکہ پاکستانی عوام کو بھی یہ یاد دلاتا ہے کہ وطن کی حفاظت کے لیے ہر پاکستانی کا عزم و ہمت بلند ہے اور ملکی دفاع میں سب کا کردار اہم ہے۔

27 فروری کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک روشن باب ہے، اور "دشمناسُن” نغمہ اس دن کی اہمیت کو مزید بڑھاتا ہے۔

Shares: