میرپور ماتھیلو ،باغی ٹی وی( نامہ نگار مشتاق علی لغاری)کیڈٹ کالج گھوٹکی میں چھٹا یوم والدین شاندار انداز میں منایا گیا۔ اس موقع پر رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کیڈٹس نے شاندار پریڈ، جمناسٹک اور کلچرل شو پیش کر کے حاضرین کو متاثر کیا۔
تقریب میں پرنسپل کیڈٹ کالج برگیڈیئر ایمل خان، اسسٹنٹ کمشنر امر شاکر ججہ، ڈی ایس پی میرپور ماتھیلو عبدالقادر سومرو سمیت بڑی تعداد میں والدین اور شہریوں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل برگیڈیئر ایمل خان نے کیڈٹ کالج گھوٹکی کی تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کالج کے فارغ التحصیل کیڈٹس پاک فوج، نیوی، ایئرفورس، میڈیکل اور انجینئرنگ سمیت مختلف شعبوں میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید تقاضوں کے مطابق تمام کلاس رومز میں انٹرنیٹ اور پروجیکٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ کالج کی ترقی کے لئے محدود وسائل کے باوجود اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں حالیہ آڈیٹوریم کی تعمیر قابلِ ذکر ہے۔
تقریب میں جناح ہاؤس، اقبال ہاؤس، بھٹائی ہاؤس، اور ماتھیلو ہاؤس کے کیڈٹس نے پریڈ کرتے ہوئے سلامی دی اور جمناسٹک و ثقافتی مظاہرہ پیش کیا۔ اس موقع پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس عبدالہادی، گل زمان، مدثر علی، عبدالرزاق، ابوبکر مہر، مشاہد علی، اور عابد سیال کو انعامات اور شیلڈز سے نوازا گیا۔
Baaghi Digital Media Network | All Rights Reserved