وسطی میکسیکو میں ایک افسوسناک فضائی حادثے کے نتیجے میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے، جب ایک چھوٹا نجی طیارہ ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔

حکام کے مطابق یہ حادثہ سان ماتیو آٹینکو کے صنعتی علاقے میں پیش آیا، جو ٹولوکا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تقریباً 5 کلومیٹر جبکہ میکسیکو سٹی سے 50 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق بدقسمت طیارے نے بحرالکاہل کے ساحلی شہر آکاپولکو سے اڑان بھری تھی اور دورانِ پرواز کسی تکنیکی یا ہنگامی صورتحال کے باعث اسے فوری لینڈنگ کی ضرورت پیش آئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ ایک فٹ بال گراؤنڈ پر لینڈ کرنے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم لینڈنگ کے دوران اس کا توازن بگڑ گیا اور وہ قریب موجود ایک ویئر ہاؤس کی چھت سے ٹکرا گیا۔

حادثے کے فوراً بعد طیارے میں شدید آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ آگ کے پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر ریسکیو اور فائر بریگیڈ حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قریبی عمارتوں سے تقریباً 130 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ فائر فائٹرز نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔حکام کے مطابق نجی طیارے میں مجموعی طور پر 10 افراد سوار تھے، جن میں 8 مسافر اور عملے کے 2 ارکان شامل تھے۔ حادثے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ دیگر افراد کے بارے میں طبی امداد اور حالت سے متعلق تفصیلات جاری کی جا رہی ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

Shares: