سندھ کے شہر نوابشاہ میں معصوم بچی کے لرزہ خیز قتل کا مرکزی ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ چار روز قبل سکرنڈ کے علاقے اصغر کالونی میں پیش آیا تھا، جہاں 7 سالہ معصوم بچی کو سفاکی سے قتل کر دیا گیا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے سونے کی بالیوں کے لالچ میں اپنی ہی رشتہ دار بچی پر بہیمانہ تشدد کیا، بچی کے دونوں کان، ایک بازو اور گلا کاٹ دیا، جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا، جب کہ بچی کی لاش اصغر کالونی کے ایک ویران مقام سے برآمد ہوئی تھی۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے اہلِ خانہ کے بیان اور شواہد کی بنیاد پر پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کی، جو چار دن کی مسلسل کوششوں کے بعد گزشتہ رات ایک خفیہ اطلاع پر پولیس کو نظر آیا۔ ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ملزم موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے ملزم کے قبضے سے بچی کی سونے کی بالیاں اور ایک پستول برآمد ہوا ہے۔ مزید کہا گیا کہ ابتدائی تحقیقات میں ملزم کے خلاف بچی کے قتل کے ناقابلِ تردید شواہد ملے تھے، جب کہ ڈی این اے اور دیگر فرانزک رپورٹس کی تصدیق بھی جاری تھی۔پولیس افسران کے مطابق ملزم کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کر دی گئی ہے

Shares: