کوئٹہ(باغی ٹی وی رپورٹ)بلوچستان کےضلع پنجگور کے علاقے خدا بادان میں پنجگور میں نامعلوم افراد کی گھر میں گھس کر فائرنگ، سوئے ہوئے 7 مزدور جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے، مزدوروں کا تعلق ملتان کی تحصیل شجاع آبادسے بتایا گیا ہے

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ساجد، فیاض، خالد، شفیق، افتخار، سلمان، اور بلال کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی مزدور رمضان ولد اللہ یار اور بلال کے نام ہوئی ہےجنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تسلی بخش بتائی جاتی ہے۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچے اور لاشوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا، جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی سخت مذمت کی اور اس واقعے کو قابلِ افسوس قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ایک بار پھر بلوچستان کی سرزمین پر بے گناہوں کا خون بہایا گیا ہے۔ انہوں نے دہشت گردوں کو بزدل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ انسانیت سے عاری ہیں اور بے گناہوں کے قتل کا حساب دنیا و آخرت میں دیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ دہشت گرد کب تک بلوں میں چھپتے رہیں گے، ان کو چن چن کر سزا دی جائے گی۔

صوبائی وزیر پی ایچ ای سردار عبدالرحمن کھیتران نے بھی پنجگور میں مزدوروں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے نہتے مزدوروں کو نشانہ بنانا ظلم، بزدلی اور کھلی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سفاکانہ عمل میں ملوث دہشت گرد کسی طور قابل رحم نہیں اور انہیں ہر صورت اپنے انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہے۔

Shares: