چنیوٹ (نامہ نگار حسن معاویہ) جشنِ آزادی کے سلسلے میں "معرکۂ حق، عزم و استقلال کے 78 سال” کے عنوان سے چنیوٹ کے ہاکی اسٹیڈیم میں ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی۔ یہ تقریب پاک آرمی اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے منعقد ہوئی، جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب میں لیفٹیننٹ کرنل جنید احمد، ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل، اور ڈی پی او عبداللہ احمد کے علاوہ اراکین صوبائی اسمبلی، شہداء کی فیملیز، تاجر برادری اور شہریوں نے حصہ لیا۔
اس موقع پر ملی نغموں کی دھن پر حاضرین نے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا، جبکہ رسہ کشی اور چنیوٹ کبڈی کلب بمقابلہ لنگرانہ ٹیم کے درمیان دلچسپ کبڈی میچ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ پنجابی کمنٹری نے اس میچ کو مزید پرجوش بنا دیا۔ تقریب میں طلبہ کی تیار کردہ پینٹنگز کی ایک نمائش بھی لگائی گئی جسے مہمانانِ خصوصی نے خوب سراہا۔
آخر میں مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں اور سماجی خدمات انجام دینے والے افراد میں انعامات اور اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ جشنِ آزادی کی تقریبات 14 اگست تک ضلع بھر میں جاری رہیں گی۔