شہروں میں مظاہرے،پاکستانی قوم سخت گرمی میں بھی سڑکوں پر،اسرائیل کیخلاف نعرے بازی
اسرائیل، تیری دہشتگردی، ظلم اور بربریت کا دور ختم ہونے کو ہے،خالد مسعود سندھو،مقررین کے خطابات
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیراہتمام غزہ لہو لہو مہم ،ہفتہ یکجہتی فلسطین ،کے تحت دوسرے روز بھی مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا گیا، راولپنڈی،سیالکوٹ، سرگودھا،گجرات منڈی بہاؤالدین ،میانوالی، وزیر آباد ، نارووال،حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ،بہاولپور،ڈی جی خان،راجن پور، رحیم یار خان،ننکانہ، خوشاب،مانسہرہ، ثمر باغ، چترال سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے،فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے سخت گرم موسم میں بھی ہزاروں شہری سڑکوں پر آ گئے اور اپنے جذبات کا اظہار کیا، مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی مظالم پر انسانی حقوق کی نام نہاد تنظیموںکا دوہرا معیار بے نقاب ہو گیا، غزہ کے شہریوں نے مزاحمت کی تاریخ رقم کر دی۔ مذمتوں کا وقت گزر چکا ، مسلم امہ عملی اقدامات کرے،راولپنڈی میں مری روڈ پر ہونے والے مظاہرے میں اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ شرکا نے فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے پلے کارڈز، بینرز اٹھا رکھے تھے. احتجاجی مظاہرے سے احسان اللہ منصور ،مبین صدیقی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم یہاں غزہ کے نہتے، مظلوم، اور جبر کا شکار بھائیوں اور بہنوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے جمع ہوئے ہیں۔فلسطینی ہیں، حق پر ہیں،ہم یہاں صرف افسوس کرنے نہیں آئے، ہم یہاں اعلان کرنے آئے ہیں،اسرائیل، تیری دہشتگردی، ظلم اور بربریت کا دور ختم ہونے کو ہے.
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شہباز چوک پر احتجاجی مظاہرے سے صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ وسطی پنجاب شیخ فیاض احمد،عبد المجید سالک ،میاں سہیل احمد ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل،ایک ناجائز، غاصب ریاست ہے جس کا وجود ہی ظلم پر قائم ہے۔اسرائیل کے ہاتھ لاکھوں بے گناہوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ گجرات میں کچری چوک میں یکجہتی غزہ مظاہرے سے مرکزی مسلم گجرات ڈویژن کے صدر چوہدری عبدالسعید کندوآنہ،ضلعی سیکرٹری جنرل محمد سجاد ڈار،چوہدری سلیمان چوکت ایڈووکیٹ ، چوہدری منیر احمد گوندل ،عظمت اللہ تتلہ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج انسان نہیں، درندے ہیں، بچوں کے جسموں کو چاک کرنا، ہسپتالوں کو راکھ بنانا، مساجد پر بمباری کرنا ، اسرائیلی جنگی جرائم کی طویل فہرست ہے ،اسرائیل ایک دہشتگرد ریاست ہے،اسرائیل کیخلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ چلایا جائے،
اوکاڑہ میں صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع اوکاڑہ قاری حفیظ اللّٰه بلوچ ،انجینئر محمد عمران ،شیخ اظہر،شیخ اعجاز احمد ،رانا محمدشفیق،ملک زاہد علی و دیگر نے احتجاجی مظاہرے کے شرکا سے خطاب کیا، رحیم یارخان میں مرکزی مسلم لیگ کے ضلعی صدر شاہد حمید،نوید قمر ، محمد معاویہ ، سیف اللہ و دیگر نے یکجہتی غزہ مظاہرے سے خطا ب کیا اور کہا کہ پاکستانی قوم نہ صرف اپنے حکمرانوں بلکہ مسلم ممالک کے حکام سے مطالبہ کرتی ہے کہ اسرائیلی بربریت کے خلاف خاموشیاں ختم کی جائیں،امت مسلمہ کے ممالک اسرائیلی مظالم کے خلاف متحد ہوں.اسرائیل کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔ پاکستانی قوم اہل غزہ کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی.