بھارتی نیوی کے 8 افسران قطر میں گرفتار
بھارتی نیوی کے 8 ریٹائر افسران کو قطر میں گرفتار کرلیا گیا، بھارتی اخبار کے مطابق سابق افسران قطری کمپنی کے لیے کام کر رہے تھے۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ایک ٹوئٹر صارف ڈاکٹر میتو بھرگوا نے ٹوئٹ کرتے ہوئے اس کی اطلاع دی۔
ان کا کہنا تھا کہ ریٹائر نیوی افسران 57 دنوں سے دوحہ میں غیرقانونی حراست میں ہیں، ٹوئٹر صارف نے اس میں وزیراعظم مودی، وزیر خارجہ جے شنکر اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو ٹیگ کیا تھا۔
بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سابق نیوی افسران ایک قطری کمپنی کے لیے کام کرتے تھے جو خود کو قطر کے دفاع، سیکیورٹی اور دیگر سرکاری ایجنسیز کا شراکت دار بتاتی ہے۔
اس حوالے سے کوئی معلومات نہیں مل سکی ہیں کہ سابق بھارتی نیوی افسران کو کیوں گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف کیا الزامات ہیں۔
زیر حراست افسران کو دوحہ میں موجود بھارت کے سفارتی مشن نے رواں ماہ کے آغاز میں قونصلر رسائی فراہم کی تھی۔