کراچی : ایک دن میں8 وارداتیں،شہری لاکھوں روپے اور قیمتی اشیا سے محروم

کراچی،باغی ٹی وی (ویب نیوز) ایک ہی دن میں آٹھ مختلف وارداتوں میں ڈاکوؤں نے شہریوں کو لاکھوں روپے اور قیمتی اشیا سے محروم کردیا۔ رینجرز اور پولیس نے کارروائی کرکے ڈکیتی میں ملوث گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا۔
تفصیل کے مطابق کراچی میں ڈاکوؤں کی آزادانہ وارداتیں جاری ہیں۔ اسٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود گلشن حدید فیز ٹو میں دن دہاڑے آٹھ ملزمان نے اسلحہ کے زور پر سات دکانوں کو لوٹ کر با آسانی فرار ہوگئے۔ واقعہ کے بعد دکانداروں نے پولیس کے خلاف احتجاج کیا۔
گلشن حدید میں ہی موٹر سائیکل سوار ملزمان دن دہاڑے کار سوار شہری سے سات لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ اسٹیل ٹاون تھانے میں درج کرلیا۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو دیکھا جاسکتا ہے۔
اسی طرح ضلع ملیر مجید کالونی قائد آباد بیکری میں ملزمان نے دن دہاڑے واردات کے دوران شہریوں کو قیمتی اشیاء سے محروم کردیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو لوٹ مار کرتے دیکھا گیا۔ناظم آباد بلاک این سے چور چند منٹس میں گاڑی چوری کرکے فرار ہوگیا۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔الفلاح تھانے کی حدود جوہر پارک کے قریب صبح سویرے معاش کی تلاش میں نکلنے والا شہری ڈکیتوں کی گولی سے بال بال بچ گیا۔
سندھ رینجرز اور پولیس نے گڈاپ ٹاؤن جمالی گوٹھ میں کارروائی کرکے ڈکیتی میں ملوث گروہ کے سرغنہ ملزم سجاد جمالی عرف وڈیرہ کو گرفتارکرلیا۔

Comments are closed.