اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان) احمد پور شرقیہ کے نواحی علاقے موضع کوٹلہ سلطان احمد کے 85 سالہ بزرگ شہری میر خاں نے میڈیا سے گفتگو میں سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض بااثر افراد ان پر جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں اور جائیداد کے تنازع پر انہیں قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، آئی جی پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ انہیں اور ان کے اہل خانہ کو فوری تحفظ فراہم کیا جائے۔
میر خاں نے اپنی فریاد میں کہا کہ ان کی بہن زینب الہیٰ کی شادی 1952 میں نہال خان سے ہوئی تھی، جنہوں نے اپنی زندگی میں انہیں طلاق نہیں دی۔ تاہم، اب مخالفین اسلم، اکرم، بشیر، اللہ بچایا اور دیگر افراد جعلی طلاق نامہ تیار کر کے میر خاں کی بہن کی ملکیت پر قبضہ جمانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 30 جون 2007 کو انہوں نے یونین کونسل کوٹلہ موسیٰ خان سے باقاعدہ تحریری طور پر استفسار کیا تھا کہ کیا زینب الہیٰ کے متعلق کوئی طلاق نامہ جمع ہے؟ جواب میں یونین کونسل نے تصدیق کی کہ ایسی کوئی دستاویز ریکارڈ میں موجود نہیں۔
میر خاں نے مزید بتایا کہ ان کے بہنوئی نہال خان 2005 میں اور بہن زینب الہیٰ 2014 میں انتقال کر گئیں۔ نہال خان نے اپنی زندگی میں زینب الہیٰ کو شرعی حصہ یعنی سولہواں (1/16) حصہ دیا تھا۔ بعدازاں، زینب الہیٰ نے چار کنال چھ مرلے کا رقبہ اپنی مرضی سے میر خاں کو فروخت کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب اس جائیداد کو بنیاد بنا کر انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جس پر وہ شدید خوف اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ میر خاں نے اپیل کی کہ انہیں انصاف دیا جائے، جعلسازی کی تحقیقات کرائی جائیں اور جانی تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنی باقی زندگی سکون سے گزار سکیں۔