محکمہ صحت پنجاب نے 4 کمپنوں کے بنانے والے کھانسی کے 9 سیرپس کے استعمال پر پابندی عائد کر دی۔ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی جانب سے 4 فارما سوٹیکل کمپنیوں کے 9 سیرپس کو غیر معیاری قرار دینے پر محکمہ صحت پنجاب نے ان سیرپس کے استعمال پر پابندی عائد کی ہے۔صوبہ بھر کے ڈرگ انسپکٹرز نے غیر معیاری سیرپس کی فروخت کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی جانچ کے دوران انکشاف ہوا کہ یہ تمام سیرپ غیر معیاری ایتھانول سے بنائے گئے ہیں۔غیر معیاری سیرپس میں سے زیادہ ترکے لیبلز پر انہیں الرجی، گلا خراب، کھانسی، خارش، الٹی، متلی اور ہیپاٹائٹس کے علاج کی دوا بتایا گیا ہے۔ سیرپ ایستھانیل، برونل اورسپیسزائن سیرپ کے نمونے بھی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی جانچ کے دوران غیر معیاری ایتھانول سے تیار شدہ پائے گئے ہیں۔حکومت کی جانب سے تمام میڈیکل اسٹورز اور فارمیسز پر ان سیرپس کی فروخت ہر گز نہ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ غیر معیاری قرار دیے گئے سیرپس میں الفرین، زیویرال، ٹیکسکول ڈی ایم، ٹیکسکول ای ایکس، ویرول، ٹوریکس ڈی ایم شامل ہیں۔واضح رہے اس سے قبل بھی محکمہ پنجاب نے متعدد ادویات غیر معیاری قرار دیے جانے پر کریک ڈاؤن کیا، اور مختلف ادویات اور سیرپس کی فروخت پر پابندی عائد کی۔

Shares: