پشاور: انسداد دہشتگردی عدالت پشاور نے 9 مئی 2023 کو ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت پر حملے کے مقدمے کی سماعت کے دوران پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیریئنز کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی (ایم پی اے) ارباب وسیم سمیت پانچ نامزد ملزمان کی گرفتاری کا حکم جاری کر دیا۔
اس اہم مقدمے کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ولی محمد خان نے کی۔ سماعت کے دوران پراسیکیوشن حکام نے عدالت کو آگاہ کیا کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے دوران متعدد افراد نے ریڈیو پاکستان کی تاریخی عمارت پر حملہ کیا تھا۔ اس حملے میں مظاہرین نے عمارت کو شدید نقصان پہنچایا اور اسے نذرِ آتش کر دیا تھا۔پراسیکیوشن کے مطابق واقعے کے بعد ملزمان کے خلاف مکمل تحقیقات کی گئیں اور مقدمہ انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج کیا گیا۔ تحقیقاتی عمل مکمل ہونے کے بعد عدالت میں باقاعدہ ٹرائل شروع کیا گیا۔ تاہم، عدالتی کارروائی کے دوران نامزد ملزمان مسلسل غیر حاضر رہے جس پر پراسیکیوشن نے عدالت سے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان عدالتی کارروائی سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد سخت موقف اپناتے ہوئے ایم پی اے ارباب وسیم سمیت پانچ نامزد افراد کی گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ انہیں آئندہ سماعت پر عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔
یاد رہے کہ 9 مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا تھا، جس کے دوران ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اس واقعے کو ملکی ثقافتی ورثے پر حملہ قرار دیا گیا، کیونکہ ریڈیو پاکستان کی یہ عمارت تاریخی اہمیت کی حامل تھی۔