9 مئی ملکی تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا، صدر مملکت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 9 مئی ملکی تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ 9 مئی کو تشدد کے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔ آصف زرداری نے کہا کہ 9 مئی کو سیاسی طور پر مشتعل ہجوم نے ملک بھر میں کہرام مچایا، مشتعل ہجوم نے سرکاری املاک، فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔ 9 مئی کے واقعات سے ملک کا تاثر بری طرح متاثر ہوا، پُرتشدد واقعات سے صرف پاکستان کے دشمنوں کے مفادات پورے ہوئے، حملے ریاستی رٹ، قانون کی حکمرانی اور ادارے کمزور کرنے کی کوشش تھے۔صدر مملکت نے ریاستی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر بدنیتی پر مبنی مہم کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جھوٹ پر مبنی مہم کے سدباب کا طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں رواداری اور جمہوری اقدار کے فروغ کےلیے کام کریں۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ پُرامن مظاہرے اور تعمیری تنقید جمہوریت کی روح ہیں، آئین پاکستان میں اجتماع اور اظہار رائے کے بنیادی حقوق دیے گئے ہیں، بنیادی حقوق کو آئین و قانون کے مطابق انتہائی ذمہ داری سے استعمال کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بنیادی حقوق کا غلط استعمال کر کے تشدد پر اُکسانے کی کسی کوشش کو برداشت نہیں کریں گے۔ ذمہ دار جمہوریتوں میں سیاسی مفاد کےلیے ریاستی املاک کی تباہی، توڑ پھوڑ کبھی نہیں دیکھی۔